شاپنگ مال میں سیلز گرلز پر تشدد کا نوٹس‘ بااثر خاتون گرفتار
لاہور (نمائندہ خصوصی) فیکٹری ایریا کے نجی شاپنگ مال میں خاتون نے سیلزگرل کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے خاتون کوگرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق لاہور کے نجی شاپنگ مال میں سیلز گرل پر بااثر خاتون کے ظالمانہ تشدد کا مقدمہ سکیورٹی آفیسر خواجہ نعمان کی درخواست پر درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق خاتون اپنے شوہر اور ایک لڑکی کے ساتھ نجی مال میں آئی۔ اسی اثنا میں سیلز گرل اور خاتون کے درمیان تکرار ہوگئی، خاتون نے سیلز گرل کو جان سے مارنے کی دھمکیاں‘ دھکے دئیے‘ سر کے بال پکڑ کر گھیسٹا اور زمین پر دے مارا۔ بچانے آنے والی دیگر سیلز گرلز پر بھی تشدد کیا، تشدد کی کارروائی میں اسکا شوہر حمزہ بھی شامل تھا، تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے دھمکیاں دینے اور تشدد کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر تے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمہ کو حراست میں لے لیا ہے۔ خاتون کی شناخت صدف طارق کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل کا کہنا ہے کہ یہ خاتون کوئی بھی ہو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔