• news

جشن آزادی‘ لاہور میں منچلوں کا اودھم‘ ون ویلنگ‘ جھگڑے‘ 28 زخمی‘ متعدد گرفتار

لاہور (نامہ نگار) لاہور میں گزشتہ رات 12 بجتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد جشن آزادی منانے کے لئے سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجائی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سڑکوں پر نکل آئی۔ نوجوان گاڑیوں میں اونچی آواز میں ملی نغمے و گانے لگا کر رقص اور غل غپاڑہ کرتے رہے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ آتش بازی کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ پولیس اور منچلوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ ون ویلنگ اور لڑائی جھگڑے کے دوران 28 افرا زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے جبکہ متعدد منچلے ویلر پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔ جنہیںمختلف تھانوں کی حوالات میں بند کر دیا گیا۔ منچلے نوجوان موٹرسائیکلوں کے سائلنسر نکال کر ٹولیوں کی صورت میں کینال روڈ، مال روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، فیروز پور روڈ،ڈیفنس، اقبال ٹاؤن، جیل روڈ، جوہر ٹائون، ملتان روڈ سمیت دیگر علاقوں ون ویلنگ اور کرتب دکھاتے رہے۔ ماچس پٹاخوں کے علاوہ باجے و سیٹیاں بھی بجاتے رہے۔ نوجوان اونچی آواز میں ملی نغمے و گانے لگا کرسڑکوں پرگاڑیاں کھڑی کر کے رقص اور غل غپاڑہ کرتے اور نعرے لگاتے رہے۔ مال روڈ، ڈیفنس، کینٹ، اقبال ٹائون، فیروز پور روڈ، جیل روڈ اور دیگر پوش علاقوں میں فیملیز سے بھی منچلے نوجوان چھیڑ خانی کرتے رہے۔ اس دوران لڑائی جھگڑے کے بھی متعدد واقعات رونما ہوئے۔ شہر کی اہم شہروں پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں اور ٹریفک جام ہو گئی۔ پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس نے اہم شاہراہوں پر لوہے کے بیرئیرز لگا کر ملحقہ راستے اور کٹ بند کر دئیے تھے تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑ سکے۔

ای پیپر-دی نیشن