بھارتی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی‘ شاہ محمود: صورتحال پر گہری نظر ہے‘ روسی وزیر خارجہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ وزیر خارجہ نے روسی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت غیرقانونی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے۔ بھارت کے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قراردادوں کے بھی صریحاً منافی ہیں۔ بھارتی حالیہ غیر آئینی اقدامات خطے میں امن و امان کیلئے شدید خطرات کا باعث ہو سکتے ہیں۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے باہمی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔