سابق ترک وزیراعظم داؤد اوغلو نئی جماعت متعارف کرانے کیلئے متحرک
انقرہ (این این آئی)ترکی کی خبروں سے متعلق ویب سائٹ ’’اَحوال‘‘ نے ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ ترکی کے سابق وزیراعظم احمد داؤد اوغلو کے حامی سیاست دانوں کا ایک گروپ ملک کے 70 صوبوں میں ایک نئی سیاسی جماعت متعارف کرانے کے واسطے پوری طرح تیار ہے۔ ترکی کے صوبوں کی کْل تعداد 81 ہے۔ویب سائٹ کے مطابق دائود اوغلو نے 2014 میں رجب طیب اردگان کے ملک کا صدر منتخب ہونے کے وقت وزارت عظمی کا منصب سنبھالا۔ تاہم بعد ازاں وہ دیوار کے ساتھ لگا دیے گئے اور 2016 میں اپنے منصب سے مستعفی ہو گئے۔ اس وقت سے ان قیاس آرائیوں میں اضافہ ہوتا چلا گیا کہ داؤد اوغلو ایک نئی سیاسی جماعت لانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ تاہم اوغلو نے گذشتہ ماہ کہا کہ اس نوعیت کا اقدام آخری آپشن ہو گا۔البتہ اوغلو کے ساتھ کام کرنے والی ایک اہم شخصیت نے بتایا ہے کہ نئی پارٹی نے استنبول اور انقرہ میں پہلے ہی اپنے صدر دفاتر قائم کر لیے ہیں اور 70 صوبوں میں متعارف ہونے کے لیے پارٹی کی تیاریاں مکمل ہیں۔