کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، نور الحق قادری
مکہ المکرمہ ( امیر محمد خان ) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے مکہ مکرمہ میں 14 اگست کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جدوجہد آزادی کا نعرہ اب ہر کشمیری کی آواز ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت منفی ہتھکنڈوں سے کشمیر کی آئینی حثییت تبدیل نہیں کر سکتا۔ افاقی وزیر نے کہا کہ آج 73 واں یوم آزادی برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔۔ حج کے حوالے سے ڈاکٹر نورالحق قادری نے کہا کہ اس سال کا حج ایک مثالی حج تھا کوئی بڑی شکایات نہیں ملیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 47 مکاتب دئے گئے تھے جن میں سے صرف 2 کے حوالے شکایات موصول ہوئی ہیں جن کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستانی حجاج کی تعداد سب سے زیادہ تھی۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ نجی حج کمپنیوں کو بھی پرائیویٹ سکیم کے تحت آنے والے حجاج کی خدمت کرنے پر سراہا۔ وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ قیام پاکستان کے مقاصد کو حاصل کر کے ہی کامیابی سمیٹی جا سکتی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر شہزاد ارباب نے کہا کہ آزادی پر ہمیں فخر کرنا چایئے۔ تقریب کے آخر میں ڈاکٹر نورالحق قادری نے قومی پرچم کے رنگوں سے مزین کیک کاٹا اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔