• news

مانچسٹر: پاکستانی قونصلیٹ میں یوم آزادی کی تقریب‘ پرچم کشائی

مانچسٹر (رپورٹ: چودھری عارف پندھیر) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان مانچسٹر میں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر ایک پروقار سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سیاسی سماجی کمیونٹی کی شخصیات کے علاوہ دیگر کمیونیٹیز کے افراد نے بھی شرکت کی۔ قونصل جنرل عامر آفتاب قریشی نے پرچم فضا میں لہرایا تو لوگوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ نظامت کے فرائض ویلفیئر اتاشی مسز فضہ نیازی نے سر انجام دئیے۔ قونصل جنرل عامر آفتاب قریشی نے وزیراعظم پاکستان اور صدر پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے جس میں کشمیری قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی گئی۔ اس موقع پر قونصل جنرل عامر آفتاب قریشی کا کہنا تھاکہ اس مرتبہ یوم آزادی پاکستان مختلف ہے بھارت نے کشمیریوں کے ساتھ جو سلوک روا رکھا ہے ہم اس سے آنکھیں بند نہیں کر سکتے پاکستان کشمیریوں کی سفارتی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستانی اور برٹش پاکستانی کمیونٹی کشمیری قوم کے ساتھ کھڑے ہیں سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ ڈاکٹر سجاد حیدر کریم کا کہنا تھا کہ آزادی کے دن آج بھی کشمیری بھارت کے قبضے میں ہیں ہمیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیے۔ ممبر برطانوی پارلیمنٹ افضل خان کا کہنا تھا کہ پندرہ اگست کو کشمیری قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر یوم سیاہ منایا جا رہا ہے پاکستانی کشمیری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے افراد کو بھرپور شرکت کر کے کشمیری قوم کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرنی چاہیے۔شرکائے تقریب کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پاکستان کے دن ہماری تمام تر ہمدردیاں کشمیری قوم کے ساتھ ہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارت جو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور انکے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہا ہے ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ گلوکار محمد سرور نے کشمیری ترانے جبکہ ایفی کے نے پاکستان کے ملی نغمات گا کر حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن