• news

مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اٹھایا‘ 189 ملکوں کی پارلیمان کو خطوط لکھے: اسد قیصر

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق سلب کرنے پر پوری دنیا بھارتی اقدامات کی مذمت کر رہی ہے، کشمیر کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، دنیا کے 189 ملکوں کی پارلیمان کو خط لکھے ہیں، کشمیر کی تازہ صورتحال پر پارلیمنٹ سے متفقہ طور پر منظور ہونے قراداد کی کاپی بھی منسلک کی ہے۔ یہ بات انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ یہ14 اگست ہمارے کشمیریوں بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے، کشمیری عوام نے تحریک آزادی کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت نے کشمیری عوام کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم کر رکھا ہے، کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق سلب کرنے پر پوری دنیا بھارتی اقدامات کی مذمت کر رہی ہے، بھارتی جارحیت کے خلاف پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ آج کا یوم آزادی ہم کشمیری بہین، بھائیوں کے نام کرتے ہیں، ہم سب کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں,ان شاء اللہ کشمیر بنے گا پاکستان۔ اسد قیصر نے کہاکہ کشمیر کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، میں نے دنیا کے 189 ملکوں کی پارلیمان کو خط لکھے ہیں، کشمیر کی تازہ صورتحال پر پارلیمنٹ سے متفقہ طور پر منظور ہونے قراداد کی کاپی بھی منسلک کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے تمام ممالک کے اسپیکرز صاحبان سے خود رابطے کیے ہیں، کوشش ہے کہ دنیا کی بڑی بڑی جمہوری پارلیمانوں سے یہ قراداد منظور کروا سکیں۔

ای پیپر-دی نیشن