• news

وزیراعظم اور آرمی چیف مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کر رہے ہیں: پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی کے ساتھ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کشمیرکی آزادی کی منزل قریب ہے۔ کشمیری نوجوان کلمہ طیبہ کے ساتھ کشمیر بنے کا پاکستان کا نعرہ لگاتے ہیں اور وہ پاکستانی پرچم اٹھا کر اپنے سینوں میں گولیاں کھا رہے ہیں۔ ہمارے بزرگوں نے تحریک پاکستان میں جو قربانیاں دی ہیں اور اس کے بعد ہماری مسلح افواج، سکیورٹی اداروں اور عام شہریوں نے مادرِوطن کے دفاع اور تحفظ کیلئے جس طرح اپنی جانیں قربانی کی ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم آزادی کی قدر و قیمت جانتے ہیں اور اس کیلئے ہر قربانی دے سکتے ہیں۔ آرمی چیف اور عمران خان عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگرکر رہے ہیں اور وفود بھی بیرون ملک بھیجے جا رہے ہیں۔ پاکستانی پرچم اٹھا کر سینہ میں گولیاں کھانے والے کشمیری نوجوانوں کا لہو ہمیں پکار رہا ہے کہ ہم اپنے ذاتی، سیاسی مفادات کے بجائے قومی جذبہ سے متحد ہوجائیں اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی چنگل سے ہمیشہ کیلئے نجات دلانے کیلئے آگے بڑھیں۔

ای پیپر-دی نیشن