آج گورنر ہاؤس سے پنجاب اسمبلی تک ’’اظہار یکجہتی کشمیر مارچ‘‘ ہو گا
لاہور (نیوز رپورٹر)گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ آج گورنر ہائوس سے پنجاب اسمبلی تک ’’اظہار یکجہتی کشمیر مارچ‘‘ میں (ق) لیگ ، پاکستان عوامی تحر یک، مجلس وحدت مسلمین اور مشعال ملک سمیت سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے کارکن، وکلاء اور سول سوسائٹی شریک ہوںگی۔ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی بھارتی سفارتخانوں کے باہر احتجاجی مظاہر ے کریں گے ۔ امر یکہ اور اسکے اتحادیوں سمیت عالمی طاقتیں کشمیر یوں پر ہونیوالے بھارتی مظالم پر کیوں خاموش ہیں؟ ہم جنگ نہیں امن کی بات کر رہے ہیں لیکن اگر بھارت جنگ کرنے کی کوشش کریگا تو اس کو نشان عبرت بنادیں گے۔ وہ گورنر ہائوس میں خرم نواز گنڈا پور‘ ناصر شیرازی، اعجاز احمد چوہدری اور شعیب احمد صدیقی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان اپنی کامیاب خارجہ پالیسی کے ذریعے دنیا بھر میں کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کر رہا ہے۔ نریندر مودی نے آرٹیکل 370 ختم کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں حکومت پاکستان کشمیریوں پر ہونیوالے بھارتی مظالم کی صرف مذمت ہی نہیں کر رہی بلکہ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دوٹوک الفاظ میں یہ کہہ چکے ہیں کہ کشمیریوں کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف آخری حدتک بھی جانے کو تیار ہیں۔ آج کے مارچ میں کسی جماعت کا نہیں صرف پاکستان اور کشمیر کا جھنڈا نظر آئیگا اور دنیا بھر کو پیغام دیں گے ہم کشمیریوں کے ساتھ اور بھارتی مظالم کے خلاف متحد ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ہم گورنر پنجاب کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کشمیر کے مسئلہ پر ہم سب کو بھی ساتھ لیکر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ آج بھارت میں مسلمانوں سمیت کوئی اقلیت محفوظ نہیں۔ کامل علی آغا نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آج ہمیں سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ ناصر شیرازی نے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان یہ صرف ہمارا ہی نہیں ہر کشمیری کا بھی نعرہ ہے۔