• news

آئندہ سال پاکستان کیساتھ کشمیر کا جشن آزادی بھی منائیں گے‘ شیخ رشید

راولپنڈی (آن لائن) ریلوے کے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے واضح کیا ہے کہ اگر ہم پر حملہ کیا گیا تو پھر بھارتی مندروں میں گھنٹیاں بجیں گی اور نہ بھارت میں گھاس اگے گی۔ پاک فوج کے سپہ سالار بھارت کی طرف پیش قدمی کا اعلان کر یں پوری پاکستانی قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہو گی اگر کشمیری اور بھارتی مسلمان چین سے نہ سوئے توہم پورے بھارت اور ہندوؤں کی زندگی حرام کردیں گے اور سری نگر کو اپنا سسرال بنانے کی خواہش رکھنے والا مودی سن لے ہم سری نگر کو بھارتی فوج اور ہندوؤں کا قبرستان بنادیں گے۔ پاکستان کے سرفروش بھارتی مسلمانوں اور کشمیریوں کی مدد کی تیاری کریں۔ آئندہ سال پاکستان کے ساتھ کشمیر کی آزادی کا بھی جشن منائیں گے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھائے کشمیریوں کا جوش و ولولہ دنیا دیکھ لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی یوم آزادی کے موقع پرمنائے جانے والے یوم سیاہ کی تقریب میں شرکت کے لئے لندن روانگی سے قبل ’’آن لائن‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا شیخ رشید احمد نے کہا کہ لارڈ نذیر احمد کی دعوت پر آج 3 دن کے لئے لندن جا رہا ہوں۔ جہاں 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے کشمیریوں کے اجتماع سے خطاب سمیت 3مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کر وں گا۔ انہوں نے کہا آج (جمعرات) پاکستان اور لندن سمیت دنیا بھر کے مسلمان بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ لندن سے واپسی پر تتہ پانی ، راجوڑی، ہجیرہ، راولا کوٹ اور مظفر آباد سمیت کشمیر کا دورہ کروں گا۔ ہم مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کو بالخصوص یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہمارا جینا مرنا ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ کسی عالمی ایجنڈے کے تحت موجود ہ صورتحال پیدا کی گئی ہے وہ یہ سن لیں کہ میں وفاقی کابینہ کا حصہ ہوں اور کابینہ میں کسی مائی کے لال کی اتنی جرات نہیں کہ وہ کشمیر پر کوئی سمجھوتہ کرے انہوں نے کہا کہ میں 24 اگست سے کشمیر کا دورہ کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج امریکہ کو افغانستان سے نکلنے کی جلدی ہے لیکن طالبان کو کوئی جلدی نہیں ہے اسی طرح72 سال سے کشمیریوں پر مظالم اور بربریت کی داستان رقم کرنے والے بھارت کے لئے بھی اب جان چھڑانی مشکل ہو جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن