گلبرگ: گاڑی کی ٹکر‘ 6 سالہ بچہ جاں بحق‘ فیروز والا‘ سمبڑیال میں حادثات‘ 4 ہلاک
لاہور‘ فیروز والا ‘ سمبڑیال (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) گلبرگ کے علاقے میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 6 سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ حادثہ کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گلبرگ کے علاقہ ایم ایم عالم روڈ کے قریب روڈ پر کمسن بچہ زاہد شبیر سڑک کراس کر رہا تھا کہ تیز رفتار گاڑی نے اسے ٹکر مار دی جس سے بچہ موقع پر ہی چل بسا۔ فیروزوالہ میں جی ٹی روڈ کی آبادی کھٹیالہ ورکاں کے قریب تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سواروں کو روند ڈالا جس کے نتیجہ میں دو کمسن بہنیں ہلاک اور میاں بیوی سمیت تین افراد زخمی‘ بس ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ سیکھم کا محمد اشفاق اپنی بیوی سونیا بی بی، چھوٹے بھائی نوید اور کمسن بچیوں زینب فاطمہ دو سالہ اور نور فاطمہ پانچ سالہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر مریدکے آرہے تھے کہ جب وہ کھٹیالہ ورکاں کے قریب پہنچے تو فیصل آباد سے سیالکوٹ آنے والی بس نے ان کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں دو کمسن بہنیں دم توڑ گئیں جبکہ ان کا والد اور والدہ سمیت تین افراد زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال بھیج دیا گیا۔ سمبڑیال میں موٹر سائیکل سوار کلا س نہم کے تین طالب علم درخت سے ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں دوطالب علم موقع پر جاں بحق ایک زخمی ہو گیا۔ سمبڑیال کے موضع ساہووالہ کے رہائشی تین دوست کلاس نہم کے طالب علم حامد بھٹی ، آمیش جان اورمحمد حسن سر پر جشن آزادی کی پٹی پہن کر جی ٹی روڈ پر سمبڑیال کی طرف آرہے تھے کہ ساہووالہ واپڈا گرڈ سٹیشن کے قریب تیز رفتار ی کے باعث درخت سے ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں حامد بھٹی، آمیش جان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جبکہ محمد حسن شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔