• news

یوم سیاہ ریلی جھلکیاں

لاہور (سید عدنان فاروق) ریلی میں شرکت کیلئے شہری کئی گھنٹے پہلے گورنر ہائوس پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار گورنر ہائوس پہنچے تو راستے میں شہریوں نے کشمیر کے پرچم لہرا کر خیرمقدم کیا۔ عثمان بزدار، شاہ محمود قریشی اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ساتھ گورنر ہائوس سے ٹرک پر سوار ہوئے۔ چودھری محمد سرور اور عثمان بزدار نے یوم سیاہ کے موقع پر سیاہ لباس زیب تن کیا ہوا تھا جبکہ سعدیہ سہیل اور مختلف پی ٹی آئی خواتین رہنمائوں نے بھی سیاہ لباس زیب تن کیا۔ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنمائوں نے نے سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک اور ان کی کمسن بیٹی نے ماتھے پر سیاہ پٹی باندھ کر احتجاج کیا۔ ریلی کے شرکاء ’’مودی مردہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی‘‘ کے نعرے لگاتے رہے۔ یوم سیاہ کی ریلی کی مناسبت سے سیاہ رنگ کے غبارے بھی چھوڑے گئے۔ مشعال ملک نے نعرہ تکبیر، نعرہ حیدری، پاکستان زندہ باد اور کشمیر پائندہ باد کے نعرے لگوائے۔ مال روڈ کے بڑے حصے کو قومی اورکشمیری پرچم کے ساتھ سجایا گیا تھا جبکہ پی ٹی آئی رہنمائوں کے بھی قدآور بینرز، فلیکس آویزاں تھے۔ ریلی کے روٹ کے باعث ریگل چوک سے فیصل چوک تک بیشتر کاروباری مراکز بند رہے جبکہ تین درجاتی سکیورٹی حصار کے باعث گاہک نظر نہ آئے۔ کمپیئرنگ کے دوران سابق ایم پی اے اور پی ٹی آئی رہنما کے منہ سے کئی بار غلطی سے خواتین رہنمائوں کے نام ساتھ ’’جناب اور صاحب‘‘ نکلا ۔ ریلی میں پی ایچ اے سمیت مختلف محکموںکے نمائندہ وفود نے بھی شرکت کرکے کشمیریوںکے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

ای پیپر-دی نیشن