• news

اقلیتوں کیلئے عذاب بھارتی جمہوریت بے نقاب، امن پسند قومیں کشمیریوں کا ساتھ دیں: سراج الحق

لاہور،دیر ( خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور مودی کی جنونیت کی وجہ سے پورا خطہ آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آسکتا ہے۔ عالمی برادری مودی کے پاگل پن کا نوٹس لے ۔ خطے میں پائیدار امن کی چابی مسئلہ کشمیر کا کشمیری قوم کی امنگوں کے مطابق حل ہے۔ مسئلہ کشمیرپر مذاکرات کا تیسرااور اہم ترین فریق کشمیری ہیں۔کشمیریوں کو اعتماد میں لئے بغیر مسئلہ کشمیرکا کوئی حل قابل قبول نہیں۔ فراڈ اور اقلیتوں کیلئے عذاب بھارتی جمہوریت کا نقاب اتر چکا ہے ۔ امن پسند قوموں کو مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور زندگی کے آخری لمحہ تک ساتھ رہے گی۔ حکومت سلامتی کونسل کے اجلاس میں پوری تیار ی کے ساتھ جائے ۔ حکومت کی ذرا سی نااہلی اور غفلت ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے۔کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے نمائندہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضہ کی وجہ سے جنوبی ایشیا کا پورا ریجن بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے۔ بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر سات دہائیوں سے حل نہیں ہوسکا۔ دنیا کو کشمیر میں ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی مسلسل پامالی پر خاموش تماشائی نہیں رہنا چاہئے ۔ کشمیر میں ہر دروازے پر بھارتی فوجی کھڑا ہے اور لوگوں کو گھروں میں قید کردیا گیا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن