ایل این جی کیس، شاہد خاقان کے ریمانڈ میں 14 روز توسیع
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی گئی ہے، بدھ کو نیب حکام کی جانب سے 15 روزہ ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر شاہد خاقان عباسی کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کیا گیا، جج محمد بشیر نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ مزید کتنا ریمانڈ چاہیے، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ 14 روز کا مزید ریمانڈ چاہیے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ جتنا چاہتے ہیں ریمانڈ دے دیں، دوران تفتیش دستاویزات مانگ لیتے ہیں، جو سوالات پوچھ لیتے ہیں، ان کا جواب دے دیتا ہوں۔ کمرہ عدالت میں شاہد خاقان عباسی نے پارٹی رہنما ئوں خواجہ آصف، مریم اورنگزیب اور مصدق ملک اور ملک ابرار سے بھی ملاقات کی۔