• news

آئی ٹی ایف نے ڈیوس کپ ٹائی مقابلے پاکستان سے منتقل کرنے کا بھارتی مطالبہ مسترد کردیا

لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان سے ڈیوس کپ ٹائی مقابلے منتقل کرنے سے انکار کر دیا۔ آئی ٹی ایف کے ترجمان کے مطابق کسی غیر جانبدار ملک منتقلی کا بھارتی مطالبہ مسترد کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ اسلام آباد میں ایشیا اوشیانا زون ڈیوس کپ ٹائی کے حوالے سے تمام تر سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں لہذا، مقابلوں کو کہیں اور منتقل نہیں کیا جائے گا۔ آئی ٹی ایف ترجمان نے اس بات کی وضاحت کردی ہے کہ ٹیموں اور آفیشلز کی سیفٹی اور سکیورٹی ان کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے وہ میزبان ملک اور آزاد سکیورٹی ماہرین سے مسلسل رابطے میں ہیں اور سکیورٹی پلان سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔ سکیورٹی خطرات کے حوالے سے پاکستان کی ریٹنگ میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔ صباح نیوز کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھانے والے بھارت نے ڈیوس کپ ٹائی ٹینس کے مقابلے پاکستان سے منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ایشین اوشیانا گروپ ون کے ٹائی مقابلے اسلام آباد کے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں 14اور 15 ستمبر کو شیڈول ہیں، اس میں شرکت کے لیے جولائی میں بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق بھی کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن