بھارت نے فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کا حق چھینا: مشال ملک کا ویڈیو پیغام
اسلام آباد/ لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے یوم سیاہ پر پیغام میں کہا ہے کہ بھارت نے اپنی فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کا حق چھینا ہے۔ پوری دنیا سے سوال ہے کہ ظالم کا ساتھ دینا چاہئے یا مظلوم کا ؟ کشمیری لیڈر شپ گرفتار ہے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی گئی پندرہ اگست کو پوری دنیا کے کشمیری یوم سیاہ کہتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کشمیر کی آزادی تک پندرہ اگست کو یوم سیاہ منایا جائیگا۔ کشمیر اس وقت جل رہا ہے نہتے کشمیریوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ کشمیریوں کا پاکستان سے خون کا رشتہ ہے۔ کشمیر کی آزادی سے خطے میں امن آئے گا بھارتی فوج دہشت گرد ہے۔ پاکستانی عوام کے جذبے سے کشمیریوں کو طاقت ملی ہے۔