دنیا بھر میں خسرہ کی وباء پھیلنے کا خدشہ‘ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کر دیا
نیویارک (اے پی پی)عالمی ادارہ صحت دنیا بھر میں خسرہ کی وباء کے تیزی سے اضافے سے خبردار کر دیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے پہلے سات ماہ میں دنیا بھر میں خسرہ کے واقعات میں گزشتہ سال کے اِسی دورانیے کے مقابلے میں تقریباً تین گْنا اضافہ ہوا ہے۔ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جنوری اور جولائی کے درمیان 182 ممالک میں 3 لاکھ 64 ہزار 800 سے زائد افراد کو یہ بیماری لگی۔ یہ اضافہ اْن ممالک میں نمایاں ہے جہاں بہت سے لوگوں کو کبھی ویکسین نہیں دی گئی۔جغرافیائی لحاظ سے افریقہ میں متاثرہ لوگوں کی تعداد میں 900 فیصد اضافہ ہوا جس کی زیادہ تر وجہ اِس خطّے میں صحت دیکھ بھال نظام کی بدحالی ہے۔مغربی بحرالکاہل کا خطّہ جس میں مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیاء شامل ہے، وہاں 230 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ امریکہ میں خسرہ سے متاثرہ لوگوں کی تعداد 25 سالوں میں سب سے زیادہ تھی۔