ایک سال مکمل ہوا‘ عمران تمام مضامین میں فیل ہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک سال مکمل ہوا اور عمران صاحب تمام مضامین میں فیل ہیں، ایک سال میں تمام قومی کامیابیوں کو بدترین ناکامیوں میں بدل دیا اور پاکستان خطے کے سستے ترین ملک سے دوسرا مہنگا ترین ملک بن گیا۔ عمران صاحب 18 اگست کو اپنی نالائقی اور نااہلی پر جھوٹ کا عالمی ریکارڈ بنائیں گے۔ حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ عمران صاحب ایک سال ہو گیا عوام روٹی کی جگہ بھوک اور مہنگائی کی تبدیلی کھا رہے ہیں۔ عمران صاحب ایک سال میں کتنے انڈے، کٹے اور مرغیاں بانٹی ہیں ؟ آپ نے تو ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر دینے تھے؟ لیکن آپ نے تو روٹی ، کاروبار اور روزگار بھی چھین لیا۔ ایک سال میں صرف آپ کا محل پکا ہوا ہے اور آئی ایم ایف کی ٹیم کو نوکری ملی۔ 45 لاکھ غربت کی لکیر سے نیچے اور 15 لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں۔ روپے کی قیمت میں 34 فیصد تاریخی کمی جس سے مہنگائی کا طوفان برپا ہو گیاہے اور ملکی ترقی چھ فیصد سے 3 فیصد اور مہنگائی کی شرح تین سے 10 فیصد ہوگئی جبکہ شرح سود 5.75 فیصد سے 14 فیصد ہوچکی ہے۔ دوسری جانب ایک سال میں ٹیکس وصولی میں 600 ارب کا تاریخی خسارہ ہوا۔ آپ نے ایک سال میں ریکارڈ 7000 قرضہ لیا اور ایک اینٹ بھی نہیں لگائی۔ آپ نے 73 سالہ تاریخ میں سات ہزار ارب قرض اضافہ کر کے نااہلی کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ گیس کے نرخوں میں دو سو فیصد اور بجلی کی قیمت میں 35 فیصد اضافہ کیا ہے۔ بیرون ملک سرمایہ کاری میں پچاس فیصد کمی ہوئی جو دس سال کی کم ترین سطح پر ہے۔