ڈالر 51 پیسے مہنگا‘ سٹاک مارکیٹ میں شدید مندا‘ سرمایہ کاروں کو ایک کھرب سے زائد کا نقصان
کراچی (کامرس رپورٹر)عید الاضحی کی طویل تعطیلات کے بعد کھلنے والی پاکستان سٹاک میں جمعہ کو شدید مندی کا رجحان رہا۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کے دباؤ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس29ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے بھی گرتے ہوئے 664.44پوائنٹس کی کمی سے28764.63پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ 68.38فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 3ارب 66کروڑ19لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ کاروباری حجم بھی صرف6کروڑ52لاکھ12ہزار شیئرز کی لین دین تک محدود رہا ۔طویل عید تعطیلات کے بعد جمعہ کو اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ۔اور کشمیر کے حوالے سے پاک بھارت کشیدگی کے باعث سرمایہ کار حصص فروخت کرنے کوترجیح دیتے نظر آئے جس کے نتیجے میںمارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس29ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 28692پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا۔ بعد ازاں منافع بخش سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی اور انڈیکس 28700کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کے اثرات غالب رہے اور مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 664.44پوائنٹس کمی سے28764.63پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس386.39پوائنٹس کمی سے13406.78پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس1426.99پوائنٹس کمی سے44929.44پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس370.35پوائنٹس کمی سے21397.34پوائنٹس پربندہوا ۔گزشتہ روزمجموعی طورپر310کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے81کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،212کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ17کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 3ارب 66کروڑ19لاکھ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر59کھرب16ارب48کروڑ83 لاکھ روپے ہوگئی۔جمعہ کومجموعی طور پر6کروڑ52لاکھ12ہزارشیئرزکاکاروبارہواجوگزشتہ جمعہ کی نسبت14.65فیصد کم ہے ۔قیمتوں کے اتارچڑھاؤ کے حساب سے صنوفی ایونٹس کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت19.03روپے اضافے سے455.59روپے اورپاک گم اینڈ چیم کے حصص کی قیمت 7.77روپے اضافے سے163.17روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی سیپ ہائر ٹیکس کے حصص میں ریکارڈکی گئی جس کے حصص کی قیمت65.75روپے کمی سے1249.28روپے اور انڈس موٹرکے حصص کی قیمت37.90روپے کمی سے962.10روپے ہوگئی ۔نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے پاک پٹرولیم میپل لیف،انٹر اسٹیل،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ،اینگرو پولیمر،ٹی آر جی پاک،اینگروفرٹیلائزر،کے الیکٹرک،حب پاوراور سلک بینک کے شیئرز سرفہرست رہے۔ عید کی چھٹیوں کے بعد پہلے کاروباری روز ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہو گئی اورانٹر بینک میں ڈالر51پیسے مہنگا ہو گیا۔کرنسی مارکیٹ میں کاروبار کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر اور پاونڈ کی قدر میں اضافہ دیکھا گیاٹریڈنگ کے دوران ڈالر 159 روپے 12 پیسے تک فروخت ہوا ۔سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتتام پر ڈالر کی قدر 51 پیسے کے اضافے سے 158 روپے 95 پیسے رہی برطانوی پاونڈ ایک روپے 29 پیسے مہنگا ہو کر 193 روپے 21 پیسے کا ہو گیا تاہم یورو کی قدر ایک روپے 21 پیسے کم ہو کر 176 روپے 19 پیسے رہ گئی۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 10 پیسے کی کمی 159 روپے 40 پیسے اور یورو کی قیمت فروخت 50 پیسے کی کمی سے 176 روپے 50 پیسے ہو گئی جبکہ برطانوی پاونڈ کی قیمت 193 روپے برقرار رہی۔