• news

ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے ایک اور جوان شہید‘ ایک شخص زخمی‘ ڈپٹی ہائی کمشنر کی پھر طلبی

اسلام آباد، ہٹیاں بالا( سٹاف رپورٹر، نامہ نگار) کنٹرول لائن پر بھارتی فوج مسلسل جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کر رہی ہے اور تازہ ترین جارحیت کے واقعہ میں پاک فوج کا ایک اور جوان شہید ہوگیا۔ گزشتہ روز بھارتی یوم آزادی کو پوری دنیا نے یوم سیاہ کے طور پر منایا جو بھارت سے برداشت نہ ہوسکا، اس کے نتیجے میں ایل او سی پر بھارتی جارحیت جاری رہی اور پاک فوج کا ایک اور جوان شہید کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے ایل او سی کے بٹل سیکٹر پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں قوم کے ایک اور بیٹے نے شہادت حاصل کرلی ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سپاہی محمد شیراز نے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ دریں اثناء بھارتی فوج کی دوسرے روز بھی آزاد کشمیر کے ضلع ہٹیاں بالا کی وادی لیپہ کی سول آبادی پر چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے گولہ باری اور فائرنگ ایک شخص زخمی، گیارہ مکان تباہ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد بھارتی گنوں کو سانپ سونگھ گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے جمعہ کی صبح سات بجے سے دن گیارہ بجے تک وادی لیپا کے دیہاتوں بٹلیاں، نوکوٹ، قیصر کوٹ، لب گراں، سعد پورہ اور موجی پر چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجہ میں داؤد ولد زاہداللہ زخمی ہو گیا اور انہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بھارتی گولہ باری سے ظہور ولد عبداللہ، نصیر ولد ولی محمد، عبدالرحمن ولد نعمت اللہ، مظہر ولد عبدالرحمن، صغیر ولد نور دین، منظور ولد نور دین، اشرف ولد ولی محمد ساکنان لب گراں، شبیر احمد ولد فقیر محمد، ستار محمد ولد حبیب اللہ، طفیل احمد ولد شبیر احمد ،عارف ولد نذیرساکنان موجی کے رہائشی مکان جزوی طور پر تباہ ہو گئے۔ پاک فوج نے دشمن کی بلااشتعال گولہ باری کا موثر جواب دیتے ہوئے بھارتی گنوں کو خاموش کروا دیا جس کے بعد سول آبادی نے سکھ کا سانس لیا۔ یاد رہے کہ جمعرات کے روز بھی بھارتی فوج نے وادی لیپہ پر گولہ باری کی تھی جس میں پاک فوج کے تین جوان جام شہادت نوش کر گئے تھے۔ بھارتی گولہ باری اور فائرنگ کے دوران لیپہ میں بازار بند اور لوگ مورچوں کے اندر کئی گھنٹوں تک بند رہے۔ آخری اطلاعات کے موصول ہونے تک بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب ملنے کے بعد بھارت کی گنیں خاموش ہو گئیں ہیں۔ پاکستان میں متعین بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو چوبیس گھنٹے میں دوسری بار دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدہ کی مسلسل خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کی گئی اور انہیں احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق ڈی جی برائے جنوبی ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلو والیا کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے لیپا اور بٹل سیکٹرز میں سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی۔ ڈاکٹر فیصل نے انہیں کہا کہ بھارتی قابض افواج مسلسل ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی معاہدے 2003 کی خلاف ورزیاں کر رہی ہیں، بھارت کی مسلسل خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں اور یہ خلاف ورزیاں کسی بھی تزویراتی غلطی کا باعث بن سکتی ہیں۔ انہوں نے بھارت کو اپنی مسلح افواج کو جنگ بندی کا احترام کرنے کا کہا اور ورکنگ باؤنڈری اور ایل او سی پر امن کو بحال رکھنے کا پابند بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت، اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں میں موجود مینڈیٹ کے مطابق کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔واضح رہے کہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایل او سی پر بھارت کی اشتعال انگیزی سے پاک فوج کے 4 جوان شہید ہو چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن