سرگودھا: ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں اے سی بند ہونے سے 5 نومولود جاں بحق‘ لواحقین کا شدید احتجاج
سرگودھا (نامہ نگار) گورنمنٹ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کے چلڈرن وارڈ میں اے سی بند ہونے اور ڈاکٹرز و عملہ کی قلت کے باعث گرمی و حبس کے باعث 24 گھنٹوں میں وارڈ میں داخل پانچ نو مولود بچے دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے دو بچوں کے لواحقین نے واقعہ پر احتجاج کیا تو میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بچہ وارڈ میں ڈاکٹروں کی اضافی نفری طلب کر لی۔ یاد رہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ٹیچنگ وارڈ میں نومولود بچوں کی ہلاکت کی تعداد تشویشناک ہے۔ تا ہم ہسپتال انتظامیہ ان ہلاکتوں پر پردہ پوشی ڈالنے کے لئے کئی کئی گھنٹے وارڈ میں آنے والے بچوں کا داخلہ چارٹ ہی پر نہیں کرتی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ وارڈ کے اے سی معمول کے مطابق چل رہے ہیں، بچوں کی اموات قبل از وقت پیدائش کے باعث ہوئیں۔ بچوں کی ہلاکت کے معاملے کی نیوز چینل پر خبر چلنے پر ڈویژنل کمشنر سرگودھا ظفر اقبال نے ہنگامی طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور بچہ وارڈ میں دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ پانچ کمسن بچوں کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔