ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک
ڈیرہ اسماعیل خان (نیٹ نیوز) کلاچی کے جنگلوں میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ جنگلوں میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن میں دہشت گروں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز، سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن جنگلوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، اس دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی اور جوابی فائرنگ میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جن میں سے 2 کی شناخت جاوید ملانہ اور عبدالرحمن استرانہ کے نام سے ہو گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں پر پولیس موبائل اور فورسز پر حملوں کے 8 مقدمات درج تھے، جب کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے کلاشنکوفیں، پولیس وائر لیس سیٹ، دستی بم اور خودکش جیکٹس میں استعمال ہونے والے اجزاء برآمد ہوئے ہیں۔