بھارت کے خلاف اقوام متحدہ، انٹرنیشنل کریمنل کورٹ جائیں، رحمن ملک کا شاہ محمود کو خط
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سابق وزیرداخلہ اور سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چئیرمین سینیٹر رحمان ملک نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو خط لکھ کر بھارت کیخلاف اقوام متحدہ اور انٹرنیشل کرمنل کورٹ جانے کا مشورہ دیا ہے ۔ سینیٹر رحمان ملک نے اپنے خط میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کواہم تجاویز پیش کی ہیں۔انہوں نے کہا ہمیں دنیا کے سامنے مودی کا اصلی چہرہ آشکار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا میں پہلے ہی کہہ چکا تھا کہ مودی کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے درپے ہے۔ ضروری ہے کہ عالمی عدالت میں مودی کیخلاف جنگی جرائم کا مقدمہ درج کیا جائے،سینیٹر رحمان ملک نے تجویز کیا کہ اقوام متحدہ پر زور دیاجائے کہ وہ سیکورٹی کونسل کی کشمیر پر قراردوں پر عمل درآمد کروائے اور اقوام متحدہ کشمیر میں حق رائے شماری کروانے کیلئے ایک تاریخ مقرر کرے،۔سینیٹر رحمان ملک نے خط میں تجویز کیا کہ بھارتی مظالم روکنے کیلئے اقوام متحدہ سے کشمیر میں امن مشن تعینات کرنے کی بھی استدعا کی جائے۔ اور اقوام متحدہ کی امن افواج کی زیرِنگرانی کشمیر میں شفاف حق رائے دہی کروائی جائے۔دریں اثناء چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کچلاک( کوئٹہ) مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ کچلاک مسجد بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ و افسوس ہوا ہے۔ غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ایسے حملے پاکستان کے خلاف دشمن کی گھنائونی سازش ہیں۔