چودھری شوگر ملز، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیس شہبازشریف 23 اگست کو نیب طلب
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چودھری شوگر ملز کیس اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 23 اگست کو طلب کر لیا ہے۔ چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو نیب لاہور نے پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے جس کے بعد اب مزید تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے اس کے شیئر ہولڈر شہباز شریف کو 23 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سکینڈل میں بھی کرپشن الزامات پر شہباز شریف کو 23 اگست کو طلب کر لیا گیا ہے۔ شہبازشریف پر الزام ہے کہ انہوں نے بیوروکریسی کی مخالفت کے باوجود کمپنی بنانے کی منظوری دی اور بیرون ممالک سے کمپنیوں کو لا کر مہنگے داموں ٹھیکے دئیے۔ یہ بھی الزام ہے کہ جس مقصد کے لئے غیر ملکی کمپنیوں کو لایا گیا، وہ ٹاسک حاصل نہ ہو سکے اور بعض کمپنیوں کو پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مہنگے ٹھیکے دینے کا بھی الزام ہے۔