• news

اقتدار کی کشمکش میں نقصان صرف کھیل اور کھلاڑیوں کا ہوا ہے:میاں رضوان

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) ماڈل ٹاؤن فٹبال اکیڈمی کے صدر میاں رضوان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اقتدار کی کشمکش میں نقصان صرف کھیل اور کھلاڑیوں کا ہوا ہے۔ اس کشمکش میں کئی سال گذر گئے ہیں لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا آج بھی ملک میں بچے اور نوجوان فٹبال کھیلنا چاہتے ہیں لوگوں میں کھیل کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے لیکن ان کے پاس صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع نہیں ہیں ملک میں کھیل کے معاملات کو سنبھالنے والی تنظیم کے لڑائی جھگڑے ہی ختم نہیں ہو رہے۔ اس بحث میں پڑے بغیر کہ کون کیا کر رہا ہے اور کسے کیا کرنا چاہیے صرف یہ دیکھا جائے کہ نقصان کس کا ہے تو خسارے میں پاکستان کا فٹبالر ہے۔ ایک پلیئر کو بننے میں کئی سال لگتے ہیں اور جب وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے قابل ہوتا ہے تو کوئی اس کی سرپرستی کے لیے نہیں ہوتا۔ کھیل کے موجودہ حالات انتہائی تکلیف دہ اور مایوس کن ہیں۔ بڑوں کے لیے سب سے بڑا مقصد اپنا عہدہ اور ٹیم ہے۔ ہمیں شخصیات کے بجائے قومی مفاد کو ترجیح دینا ہو گی۔ حصول اقتدار کے لڑائی جھگڑے میں ملک کے بچے دنیا کے مقبول ترین کھیل میں صلاحیتوں کے اظہار سے محروم ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ ہمیں اپنے مستقبل کے لیے ذاتی مفادات کو قربان کرنا پڑے گا۔

ای پیپر-دی نیشن