• news

ایشیائی بنک سے 50 کروڑ ڈالر قرض، زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب 57 کروڑ ڈالر سے بڑھ گئے

کراچی+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+کامرس رپورٹر) پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر کا قرض مل گیا ہے۔ جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 15 ارب 57 کروڑ 75 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔ 50 کروڑ ڈالر ملنے کے بعد زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مالیت 8 ارب 26 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کی سطح عبور کرگئی ہے۔ جب کہ کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب 31 کروڑ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔ واضح رہے کہ 7 اگست کو ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی تھی، اس کے علاوہ جولائی میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنے اعلامیے میں 5 سال کے دوران پاکستان کو 10 ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا تھا۔ یہ رقم پاکستان کے لیے رعایتی قرضہ ہوگی، پاکستان کے ساتھ نئی شراکت پر حکمت عملی طے کی جا رہی ہے جبکہ یہ پروگرام 2024 تک جاری رہے گا۔نیا مالی سال اب تک تو زرمبادلہ کے ذخائر کے لیے بہتر ثابت ہوا،، پہلے 6 ہفتوں کے دوران آئی ایم ایف،، قطر اور ایشیائی بینک کے قرضوں کے باعث زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں ایک ارب 13 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کا اضافہ رکارڈ کیا گیا ہے۔گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 11 ارب ڈالر کے قرضوں کے باوجود سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر میں حقیقی طور پر 2 ارب 52 کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن