• news

کشمیر عالمی مسئلہ‘ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہو گا: سلامتی کونسل

نیویارک(کے پی آئی+ صباح نیوز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کہا ہے کشمیر امن اور سیکیورٹی کا مسئلہ ہے جو اقوام متحدہ کے دائرہ اختیار کے اندر 1965 کے بعد پہلی بار زیر بحث آیا ہے۔ سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس کے بعد اقوام متحدہ نے بیان جاری کرکے پوزیشن واضح کر دی۔ اقوام متحدہ کی نیوز ویب سائٹ پر بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ کشمیر عالمی مسئلہ ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہو گا۔ سیکرٹری جنرل کے بیان کا بھی حوالہ دیا گیا جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے 1972 میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے شملہ معاہدے کاحوالہ بھی دیا تھا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق پرامن طریقے سے ہوگا۔ اقوام متحدہ کے مبصرین ایک لمبے عرصے سے متنازعہ علاقے میں موجود ہیں جو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن