مصباح کے لیے بیک وقت دو عہدوں کی خبر حیران کن ہے: اقبال محمد خان
لاہور(نمائندہ سپورٹس )قومی اسمبلی کے رکن اقبال محمد علی خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ حالات کو انتہائی بدترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اس خبر پر شدید حیرانی ہوئی کہ مصباح الحق چیف سلیکٹر اور کوچ بیک وقت دونوں عہدوں پر کام کریں گے۔اقبال محمد علی کا کہنا تھا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے؟، پہلے وسیم خان کو برمنگھم سے لاکر بورڈ کے اہم فیصلوں میں عقل کْل کا درجہ دیدیا گیا، اب ٹیم کے معاملات مصباح الحق کو دینے کی بازگشت ہے۔ رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان کا کہنا تھا، پہلے محکمہ جاتی کرکٹ ختم کر کے کرکٹرز کے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے گئے، اب چئیر مین پی سی بی احسان مانی تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نیند میں ہیں، بورڈ وسیم خان چلا رہے ہیں۔اقبال محمد علی نے مینجنگ ڈائریکٹر کو مشورہ دیا کہ جہاں وہ دیگر بہت سے کام کر رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ قومی ٹیم کے مینجر بھی بن جائیں، کیونکہ وہ 69 سال کے طلعت علی ملک سے 21 سال چھوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے سیشن کے دوران وزیر اعظم عمران خان سے کرکٹ کے امور پر گفتگو کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر وزیر اعظم نے انھیں یقین دلایا تھا کہ جلد اس حوالے سے ملاقات کے لئے وقت دیا جائیگا۔ انہوں نے قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے سربراہ آغا حسن سے کہا ہے کہ جلد اجلاس طلب کریں اور وسیم خان سے پوچھیں کہ وہ آخر کرکیا رہے ہیں۔انھوں نے سابق ٹیسٹ کرکٹرز راشد لطیف، معین خان اور جلال الدین سے سوال کیا کہ آخر ان کی اکیڈمی کر کیا رہی ہے، کیا اکیڈمی میں صرف پیسے بنائے جا رہے ہیں، لگتا تو ایسا ہی ہے، کیوں کہ ایشیا کپ انڈر 19 کے لئے منتخب ٹیم میں کراچی کے ایک لڑکے کا نہ ہونا ہمارے لئے شرم کا مقام ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی ذاکر خان سے فون پر گفتگو کی ہے کہ لگتا ہے جونیئر چیف سلیکٹر سلیم جعفر کی 56 سال کی عمر میں بینائی کمزور ہوگئی ہے، تب ہی انہیں کراچی کا ایک لڑکا بھی نظر نہیں آیا۔