احتساب عدالت ‘ سابق ڈی جی سپورٹس بورڈعثمان انور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع
لاہور (نمائندہ سپورٹس ) احتساب عدالت نے سپورٹس فیسٹیول کرپشن کیس میں گرفتار سابق ڈی جی سپورٹس بورڈعثمان انور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔عدالتی سماعت کے موقع پرسابق ڈی جی سپورٹس عثمان انور کو پنجاب یوتھ فیسٹیول میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کرپشن کیس میں عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، تفتیشی افسر نے تفتیش کی ابتدائی رپورٹ پیش کی،نیب حکام کی جانب سے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی،نیب حکام کے مطابق ملزم کی جانب سے 2011 ء سے 2012ء کے دوران اور یوتھ فیسٹیولز میں مبینہ طورپر مختلف معاہدوں کی مد میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی،ملزم نے مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے، ٹھیکوں میں مالی بے ضابطگیوں کا ارتکاب کیا،عدالت نے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کرتے ہوئے 24 اگست کو دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔