• news

انٹر نیشنل پولیس گیمز ‘خان سعید آفریدی نے چاندی کاتمغہ جیت لیا

لاہور(نمائندہ سپورٹس) ایس ایس یوکمانڈو خان سعید آفریدی نے چین میں منعقد کئے گئے انٹر نیشنل پولیس گیمزکے مقابلوں کے دوران مارشل آرٹ کٹیگری میں اپنے کمبوڈین اور فلپائنی حریف کو پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شکست دیکر چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔اعلامیہ کے مطابق 11000عالمی پولیس ایتھیلیٹس نے مقابلوں میں اپنے ملکوں کی نمائندگی کرتے ہوئے 65 ایونٹس میں حصہ لیا اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی کمانڈو نے پاکستان پولیس کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی پولیس گیمز میں میڈل حاصل کیا۔آئی جی پی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی پی امیر شیخ، ڈی آئی جی پی مقصود احمد، ڈی آئی جی پی ناصر آفتاب اور کمانڈنٹ ایس ایس یو غلام مرتضی نے کمانڈو خان سعید آفریدی کو اپنے حریفوں کو شکست دیکر سلور میڈل جیتنے پر مبارکباد دی اور کمانڈو کے آئندہ آنے والے مقابلوں کے لئے نیک تمناؤں اور امید کا اظہار کیا۔غلام مرتضی نے مزید کہا کہ کمانڈو نے ثابت کیا ہے کہ مارشل آرٹس میں پیشہ وارانہ مہارت رکھتے ہیں اور ان کی کامیابی پر پاکستان کے عوام کو فخر ہے۔ واضح رہے کہ ایس ایس یو کمانڈوخان سعید آفریدی نے دسمبر 2016 ء میں تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی مارشل آرٹس ٹورنامنٹ میں دوگولڈمیڈل حاصل کئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن