کراچی میں تعیناتی کیلئے تھانیداروں کا میرٹ امتحان، 300میں سے صرف 37 کامیاب انٹرویو میں 70 امیدوار اہل قرار پائے تھے متعدد ایس ایچ اوز کو کرپشن پر ہٹایا گیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ)کراچی میں میرٹ پر تھانیداروں کی تقرری کے امتحان میں 350 میں سے صرف 37 امیدوار کامیاب قرار پائے ۔ میرٹ امتحان میں کامیاب 37 افسروں میں سے پہلے 24 افسروں کی شہر کے مختلف خالی تھانوں میں تعیناتی کی جا رہی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے عہدے کا چارج لینے کے بعد انٹرویوز اور امتحانات کے ذریعے تھانیدارتعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او کی تعیناتی کے خواہشمند لگ بھگ 475 پولیس افسروں نے درخواستیں دی تھیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی سربراہی میں 6 ڈی آئی جیز پر مشتمل 7 رکنی امتحانی کمیٹی کے روبرو 350 انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز پیش ہوئے جن میں سے صرف 70 امیدواروںکو انٹرویو میں ایس ایچ او لگنے کے لیے اہل قرار دیا گیا۔ پالیسی کے مطابق ان کی تقرری بھی امتحانات کے بعد عمل میں آنی تھی، یہ امتحانات ڈرائیونگ لائسنس برانچ کلفٹن کے سلیم واحدی آڈیٹوریم میں گزشتہ شام ہوئے جس میں تمام 70 پولیس افسرشریک ہوئے۔ امتحانات لینے والی کمیٹی نے سلیم واحدی آڈیٹوریم میں ہی پیپر چیک کرنے کے بعد رزلٹ کا اعلان کیا ۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے بتایا کہ امتحانات میں 70 امیدواروں میں سے محض 37 ہی پاس قرار پائے۔ اس سے قبل گزشتہ دوپہر کراچی کے 107 تھانوں میں پہلے سے تعینات ایس ایچ اوز کو بھی ڈی آئی جی ساؤتھ کے دفتر میں انٹرویوز کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق انٹرویو کیلئے آنے والے 13 ایس ایچ اوز کو اپر سکول کورس کوالیفائی نہ ہونے کی وجہ سے چارج چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا جبکہ متعدد ایس ایچ اوز کو کرپشن، جرائم پر قابو پانے میں ناکامی اور جسمانی طور پر ان فٹ ہونے کے باعث ہٹانے کا حکم دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نان اپر کوالیفائڈ 13 اور دیگر پولیس افسروں کے ہٹائے جانے کی وجہ سے کراچی کے 24 تھانے خالی ہوئے ہیں جہاں امتحانات پاس کرنے والے پولیس افسروں کی میرٹ لسٹ کے مطابق پہلے 24 افسروں کو ایس ایچ او تعینات کیا جا رہا ہے۔