• news

پیسہ ہی مرید عباس کے قتل کی وجہ بنا، اعدادوشمار غلط ہیں: زارا عباس

کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں قتل ہونے والے ٹی وی اینکر مرید عباس کی بیوہ زارا عباس کا کہنا ہے کہ پیسہ ہی ان کے شوہر کے قتل کی وجہ بنا تاہم یہ رقم کتنی تھی اس بارے میں غلط اعدادوشمار پھیلائے جا رہے ہیں۔بی بی سی اردو سے خصوصی بات چیت میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اس مقدمے کی تحقیقات سے مطمئن نہیں ہیں۔نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور ان کے دوست خضر حیات کو گذشتہ ماہ کراچی میں قتل کر دیا گیا تھا۔کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں مقتول مرید عباس اور ملزم عاطف زمان کی رہائش ایک ہی عمارت کے دو اپارٹمنٹس میں تھی۔ زارا عباس ابھی بھی اسی اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر ہیں جبکہ عاطف کے اپارٹمنٹ کو سِیل کر دیا گیا ہے۔زارا عباس کا کہنا ہے کہ مرید عباس کا قتل ان کی زندگی کا سب سے بڑا نقصان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقدمے میں رقم کے حوالے سے غلط اعداد و شمار پھیلائے جا رہے ہیں۔ کہا جارہا ہے تین سو کروڑ سے اوپر کا چکر ہے جبکہ تحقیقات ابھی ہوئی نہیں ہیں۔'ہماری جو رقم تھی وہ کچھ اور تھی، اس میں اتنے افراد جو کہ میڈیا کے تھے انھوں نے بھی لگائے۔ اگر اس رقم کو شمار کروں تو بڑی رقم بنتی ہے، البتہ ہمارے ذاتی کروڑوں روپے نہیں ہیں۔زارا عباس کا کہنا ہے ’میں تو یہ کہوں گی کہ ابھی تک یہ عادل زمان کو ہی گرفتار نہیں کر سکے ہیں۔ان کا الزام ہے کہ ملزم عاطف زمان کا بھائی عادل زمان بھی اس معاملے میں برابر کا شریک ہے۔'سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی وہ نظر آتا ہے۔ قدم قدم پر وہ عاطف کے ساتھ تھا۔ وہ ابھی تک فرار ہے اور پولیس اس کو گرفتار نہیں کر سکی۔ اس واقعے کے بعد بھی وہ کئی روز کراچی میں رہا اس کے بعد وہ بالاکوٹ چلا گیا۔'دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مرید عباس کے کیس کی ہائی پروفائل کیس کے طور پر تحقیقات کی جا رہی ہیں اور مفرور ملزم عادل کا جدید سائئنسی طریقوں سے سراغ لگایا جا رہا ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ مرید عباس کے قتل کے پیچھے کسی منظم گروہ کا ہاتھ ہے جنھوں نے عاطف زمان کو اس اقدام کے نتیجے میں تحفظ کی یقین دہانی کروائی تھی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں جو بھی ملوث ہے اس سے مفصل تحقیقات ہونی چاہئیں۔

ای پیپر-دی نیشن