حکومت کے پہلے سال میں صرف یوٹرن آئے‘ لاکھوں لوگ بیروزگار ہوئے‘ سراج الحق
نارووال،گوجرانوالہ (نامہ نگار،نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ نارووال سے چند کلو میٹر انڈیا بارڈر ہے آج کی تقریر انڈیا کے لیے ہے آج انڈیا نے کشمیر کو مسلمانوں کے لئے جیل خانہ بنا دیا اور ہماری شہ رگ کاٹی جا رہی ہے۔ نمازی بھی محفوظ نہیں کشمیرظلم و جبر کا کربلا ہے جیلوں، مائوں اور بہنوں کی ایک ہی آواز ہے کہ موت قبول مگر غلامی نہیںہے۔ ہر نوجوان‘ بزرگ کشمیر کے لئے کٹ مرنے کو تیار ہے۔ ہم مودی کی ہر سازش کو انشاء اللہ ناکام بنا ئیں گے۔ ٹرمپ نے کہا میں ثالثی کے لئے تیار ہوں تو ہماری حکومت خوش فہمی میں رہی اور کہتے رہے کہ جیسے ہم ورلڈ کپ جیت کر آئے ہیں ہم نے دیکھا ہے کہ یہ حکومت بھی کشمیریوں کے لئے کچھ نہیں کر رہی اس لیے کہ انڈیا نے کشمیر کی حیثیت ختم کر دی لاکھوں کشمیری شہید ہو گئے۔ حکومت کا 1 سال مکمل ہوا، سوچنا ہے کہ 1 سال میں کیا کھویا کیا پایا حکومت کے اپنے لوگ ہی کہتے ہیں کہ ہم پیچھے کی طرف گئے انہوں نے ایک سال میں صرف یو ٹرن لئے وعدہ کیا ایک کروڑ نوکریاں دیں گے، لیکن لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے۔ سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 اگست کو خیبر پختونخوا کے لوگوں کو پشاور بلایا ہے ہمیں یہ گوارا نہیں کہ ہم آرام سے سوئیں اور کشمیر کی مائیں بہنوں کی عصمتوں کو انڈیا تار تار کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات ایک طرف رکھ کر کشمیر کے لئے اکٹھے ہوں۔