ٍہمارے سربراہ کا بھائی قتل ہونے سے امن مذاکرات متاثر نہیں ہوں گے: طالبان
کابل (نوائے وقت رپورٹ) افغان طالبان نے امن عمل کے حوالے سے معنی خیز مذاکرات کی تیاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں مسجد حملے میں طالبان سربراہ کے بھائی کے قتل سے امریکہ کے ساتھ مذاکرات ختم نہیں ہوں گے۔ خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے ایک رہنما نے نامعلوم مقام سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہمارے قائدین کی شہادت سے ہمیں اپنے مقصد سے روکیں گے تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ امریکہ سے مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے مقصد کے قریب ہیں۔ خیال رہے کہ کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔