عمران نے تمام اداروں میں اصلاحات متعارف کرائیں‘ مسلسل مظلوم کشمیریوں کی جنگ لڑ رہے ہیں: فردوس عاشق
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی ) وزیراعظم عمران خان محنت اور عزم سے قائداعظم کے پاکستان کو آگے لے کر جا رہے ہیں، حکومت کا پہلا سال استحکام پاکستان کا سفر، آئندہ سال تعمیر پاکستان کا سال ہو گا، وزیراعظم اصلاحات کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیںجس طرح اس حکومت نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اس کی مثال نہیں ملتی، مسئلہ کشمیرکو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایجنڈے پر ہم سب متحد ہیں،آج کا دن اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے نام کرتے ہیں، بھارت نے مکروہ عمل اور سیاہ اقدامات سے پوری مقبوضہ وادی کو جیل میں بدل دیا ہے، کشمیر میں معصوم بچے دودھ جبکہ بیمار افراد ادویات کے لئے ترس رہے ہیں۔ اپنے حق کے لئے آواز اٹھانے والوں کو بھارتی مقبوضہ افواج کی جانب سے بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے ہم نے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ حکومت نے میڈیا کی آزادی اور مثبت تنقید کا خیر مقدم کیا کیونکہ حکومت آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ حکومت نے ایک سال میں محنت، دیانتدار اور درست سمت میں پالیسیوں کا آغاز کیا، پالیسیوں کا ثمر عوام کی ترقی و خوشحالی کی صورت میں سامنے آئے گا، نئے پاکستان میں حکمران طبقے کے نہیں بلکہ عوامی مفادات کا تحفظ ہوتا ہے ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پاکستان تحریک انصاف کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ کے اجراء کے حوالے وزیراعظم سیکریٹریٹ میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کیا تقریب میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔ جبکہ تقریب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کے علاوہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک کے متوسط طبقے کی فلاح کے لئے احساس پروگرام شروع کیا گیا، غریبوں کے لئے تمام اقدامات احساس پروگرام کے تحت کئے جا رہے ہیں۔ خزانہ و اقتصادی امور ڈویژن اور ریلوے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی، پاکستان پوسٹ اور این ایچ اے بہترین کارکردگی کے باعث منافع بخش ادارے بن گئے۔ وزارت توانائی نے گردشی قرضوں میں نمایاں کمی کی ہے، ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے 175 ملکوں کے لئے آسان ویزہ پالیسی متعارف کرائی گئی ہے۔ ایف بی آر نے ٹیکس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لئے بھی جامع اقدامات کئے ہیں۔ پی ٹی وی اب خسارے سے نکل کر منافع بخش ادارہ بن گیا ہے۔ ریڈیو کو بھی خسارے سے نکال کر کامیاب ادارہ بنائیں گے۔ اے پی پی ویڈیو نیوز سروس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہے ہیں۔ آج صحافیوں نے اپنی چھٹی اور خاندان کا وقت پاکستان کے لئے وقف کیا ہے، اتنی بڑی تعداد میں صحافیوں کی تقریب میں موجودگی اس بات کو واضح کرتی ہے کہ قومی ایجنڈے پر ہم سب متحد ہیں اور اپنی خوشیاں، چین اور سکون قربان کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 14 روز سے زائد گزر چکے ہیں اور مقبوضہ کشمیر لینڈ لاک کا شکار ہے جہاں پر معصوم بچے دودھ کے لئے بلک رہے ہیں جبکہ بیماروں کو ادویات میسر نہیں جس کی وجہ سے وہ دم توڑ رہے ہیں۔آج کے دن حکومت سے زیادہ پاکستان کے وجود پر بات کرنا اس لئے ضروری ہے کہ پاکستان کا وجود اس وقت تک نامکمل ہوتا ہے جب تک اس میں کشمیر شامل نہ ہو، ہم اپنے 22کروڑ عوام کی طرف سے آج کا دن اپنے کشمیری بھائیوں کے نام کرتے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے لیکن اگر آج ہم اپنی کارکردگی عوام اور میڈیا سے شیئر نہ کرتے تو ہم پر تنقید کی جانی تھی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مظلوم کشمیریوں کی جنگ لڑ رہے ہیں اور حکومت نے اس مسئلے کو جس طرح اجاگر کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم کا خطاب اس لئے ملتوی ہوا کیونکہ اس میں مسائل اور مشکلات کا ذکر تھا، ہم نے کشمیر کاز کے بڑے مقصد کے تحت سیاسی معاملات کو پس پشت ڈالتے ہوئے قومی بیانیہ اور مفاد کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی میڈیا کے ساتھ شراکت داری اس بات کی عکاس ہے کہ انہوں نے ہمیشہ میڈیا کو عزت دی ہے اور کسی بھی حکومتی یا پارٹی کی سطح پر میڈیا کو دیوار سے لگانے کا کبھی اشارہ نہیں دیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس قومی ایجنڈے پر سب متفق ہیں، وزیراعظم مسلسل مظلوم کشمیریوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے میں اصلاحات کی ضرورت تھی، عمران خان نے ہر ادارے میں ریفارمز متعارف کرائیں۔ ریلوے خسارے میں ملا، انتھک محنت سے پا ئوں پر کھڑا کیا ہے۔ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے وزارت داخلہ نے مربوط اقدامات کیے۔ وزارت اطلاعات میں سوشل میڈیا کا ونگ قائم کیا گیا ہے، وزارت خارجہ نے بھارت کی سفاکانہ کارروائیاں کو ناکام بنایا۔ انھوں نے اپوزیشن کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کشمیر کے معاملے پر حکومت کے قومی بیانیے کو سپورٹ کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنائیں گے، جو ہم اسکیمیں لارہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں اس سے بہتر فلاحی پروگرامز سامنے نہیں آئے، حکومت میں آئے تو معلوم ہوا کہ ہر ادارے کا دیوالیہ نکل چکا ہے اور نقصان اربوں تک پہنچ چکا ہے، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیر کو آزادی نہ مل جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے جو بجٹ پیش کیا، پاکستان کی تاریخ میں اس سے بہتر فلاحی بجٹ سامنے نہیں آیا۔ ہمارا عزم ہے کہ 5 سال میں ایک کروڑ صحت کارڈ جاری کریں گے اور کم آمدنی والے لوگوں کو گھر فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت 114 اسکیمیں شروع کی ہیں جس کے تحت یتیم اور بیوہ بغیر کچھ دکھائے 5 سے 10 لاکھ روپے کا قرض حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا عزم پورا کریں گے اور اس کے لیے جو ہم سکیمیں لارہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں اس سے بہتر فلاحی پروگرامز سامنے نہیں آئے۔ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیر کو آزادی نہ مل جائے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے جو بجٹ پیش کیا پاکستان کی تاریخ میں اس سے بہتر فلاحی بجٹ سامنے نہیں آیا۔ عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے کئی مرتبہ رابطہ کیا مگر وہ بات کرنے سے گریزاں رہے۔آر ایس ایس کا فلسفہ ہے کہ ہندوستان میں صرف ہندوئوں کی حکومت ہو اور اس فلسفے پر نریندر مودی عمل پیرا ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے پاکستان تحریک انصاف کو اقتدار میں آنے کا راستہ روکنے کے لئے اشتہارات کا بے دریغ استعمال کیا اور اپنے خلاف دئیے گئے اشتہارات کے واجبات بھی موجودہ حکومت نے میڈیا ہائوسز کو ادا کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ واجبات رواں بجٹ کے پہلے فیز میں مکمل کر دئیے جائیں گے۔ آئندہ پورا ہفتہ وزارتوں کی کارکردگی میڈیا کے سامنے پیش کی جائے گی اور وزارتیں ایک سالہ کارکردگی کے حوالے سے میڈیا کو جوابدہ ہوں گی۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کے نمایاں اقدامات کی عکاسی پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی اور معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے اس کی نقول صحافیوں میں تقسیم کی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ درخت نہ صرف انسانوں کو سایہ فراہم کر کے تپتی دھوپ اور گرمی سے بچاتے ہیں بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کے لئے اہم کردار ادا کرتے ہیں، درخت لگانا نہ صرف صدقہ جاریہ ہے بلکہ یہ سنت نبوی ؐ بھی ہے، پاکستانی اپنے گھروں، محلوں اور شہروں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت پودا لگانے کے موقع پر کیا۔ وفاقی حکومت نے اپنی ایک سالہ کارکردگی پر مبنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ہماری حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم،احساس پروگرام اور کامیاب نوجوان پروگرام متعارف کرائے،نئی سیاحتی پالیسی دی،کئی اداروں کو خسارے سے نکال کر منافع بخش بنایا،منی لانڈرنگ اور سمگلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائے ،متعدد اداروں اور مدارس میں اصلاحات کی ہیں ،گردشی قرضوں میں کمی لائی ہے۔