پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت ایم پیج پر، جنرل قمر باجوہ کی ملازمت میں توسیع نے دنیا کو واضح پیغام دیدیا: شاہ محمود
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالہ سے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم نے اپنا آئینی اختیار استعمال کیا ہے۔ خطے کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے جنرل باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کیا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اصل حقائق اس وقت سامنے آئیں گے جب کرفیو اٹھے گا۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز بھی کرفیو توڑنے کی کوشش کی گئی ہے اور بھارتی سکیورٹی فورسز اور کشمیریوں کے مابین مڈ بھیڑ کی اطلاعات ہیں۔ ہندوستان کے وزیر دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیان اور ان کے عزائم سب کے سامنے ہیں۔ جنرل قمر باجوہ کی ملازمت میں توسیع ایک واضح پیغام آج دنیا کے سامنے ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔ وزیر اعظم کی نمائندہ خصوصی برائے سفارتی آؤٹ ریچ اور سابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کی گھمبیر صورتحال سمیت اہم سفارتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے خارجہ محاذ پر ملک و قوم کے لئے محترمہ تہمینہ جنجوعہ کی طویل خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ وزیر خارجہ نے تہمینہ جنجوعہ کو فوراً جنیوا پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اقوام عالم کے سامنے اجاگر کرنے سمیت دیگر ضروری ہدایات دیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے یوم استقلال پر افغانستان کی حکومت اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن افغانستان کا خواہاں ہے۔ افغانستان اور پاکستان کے عوام صدیوں پرانے سماجی، معاشرتی اور معاشی رشتوں سے منسلک ہیں۔ پرامن افغانستان پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔ پاکستان افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے، خلوصِ نیت سے مصالحانہ کردار ادا کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔ وزیر خارجہ نے گزشتہ روز وزارت خارجہ میں مواصلاتی اور سکیورٹی ڈویژنوں کے دورے کئے۔ سپیشل سیکرٹری خارجہ معظم علی خان، ایڈیشنل سیکرٹری امیر خرم راٹھور، ترجمان وزارت خارجہ ڈاکٹر فیصل اور وزارت خارجہ کے سینیئر حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈائریکٹر مواصلاتی ڈویژن نے وزیر خارجہ کو نیٹ ورکنگ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کے حوالے سے مفصل بریفننگ دی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں اپنے افسران کی استعداد کار کو بڑھانا ہو گا۔ الحمدللہ وزارت خارجہ کی ٹیم بہترین ٹیم ہے۔ وزارت خارجہ کے نوجوان افسران پوری محنت، جذبے اور تندہی سے کام کر رہے ہیں اور اس کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔ ہمیں وزارت خارجہ کے مواصلاتی تکنیکی نظام کو جدید خطوط پر "اسٹیٹ آف دی آرٹ " بنانا ہے۔ وزیر خارجہ نے مواصلاتی ڈویثرن کو بہترین وسائل کی فراہمی کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ کی سیکورٹی ڈویژن کا بھی دورہ کیا اور سیکورٹی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شاہ محمود
اسلام آباد/ لاہور (خبر نگار+ نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ قومی مفاد میں ہے، پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے، حالت جنگ میں کمانڈر کو تبدیل نہیں کیا جاتا۔ فیصلے سے پالیسیوں میں تسلسل جاری رہے گا۔ مقبوضہ وادی میں کرفیو کو 15 روز ہو گئے۔ حکومت اور فوج ایک پیچ پر ہیں۔ خطے میں امن کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے۔ وفاقی وزیر برائے ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ آرمی چیف کی عہدے میں توسیع کا نوٹیفیکیشن موجودہ سکیورٹی حالات کی سنجیدگی کا ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ ہم تاریخ کے اہم دوراہے پر ہیں اور جنرل باجوہ پاکستان کی سیکیورٹی پالیسی کے تسلسل کی علامت ہیں‘۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ’امید ہے اس فیصلے کو تاریخ میں جگہ ملیگی اور پاکستان کے استحکام کیلئے یہ فیصلہ سنگ میل ثابت ہو گا‘۔وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ ’ وزیراعظم عمران خان نے 3 سال کے لیے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کرکے پوری دنیا کو پیغام دیا ہے کہ جمہوری حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہدِ آزادی کے لیے اور مودی کے اس جارحانہ اقدام کے خلاف قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع ایک بہت زبردست فیصلہ ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ پوری قوم، عالم اسلام اور کشمیری عوام اس فیصلے پر خوش ہیں، میں آرمی قمر جاوید باجوہ ، پاک فوج اور وزیراعظم عمران خان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا نے کہا کہ ’ وزیراعظم کا آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ خوش آئند ہے، پاکستان کے موجوہ حالات میں آرمی چیف وقت کی ضرورت ہیں‘۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملازمت میں توسیع پر اظہار تہنیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر بہترین فیصلہ کیا ہے کیونکہ ملک میں جمہوریت کے تسلسل اور استحکام میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں. ان کے دور میں پلوامہ کے واقعہ پربھارت کو دنیا بھر میں شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا اور پاکستانی افواج کے ساتھ ساتھ قوم کا مورال بھی بلند ہوا۔ جنرل قمر باجوہ کا ملکی اداروں کو مضبوط کرنے میں اہم کردار رہا۔ وہ کشمیر کے حوالے سے موجود چیلنجوں کا بھر پور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سابق سینئر وزیر پنجاب اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت کی توسیع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کی توسیع خوش آئند امر ہے جس کی بدولت ملکی سلامتی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، وزیر اعظم عمران خان نے وسیع تر ملکی مفاد میں احسن اقدام اٹھایا ہے جس کی وجہ سے قومی استحکام کو فائدہ ہوگا ، انہوں نے مزید کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ پالیسیوں کے تسلسل میں معاون ثابت ہوں گے اور وزیر اعظم عمران خان کا یہ فیصلہ جغرافیائی و خطے کی صورتحال کا تقاضا تھا جس کیلئے بر وقت اقدام اٹھایا گیا ہے جسے ہر محب وطن اور ذی شعور شہری سراہے گا ۔ تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری جنرل سیکرٹری شعیب صدیقی،سیکرٹری اطلاعات عثمان سعید بسرا نے کہاہے کہ پی ٹی آئی پنجاب آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی ملازمت مدت میں تین سال کی تو سیع کا خیر مقدم کرتی ہے، ایل او سی پر جاری بھارتی جارحیت، کشمیر کی سنگین صورت اور ملک کو دہشت گردی سامنا ہے، ملک پر اس وقت جنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں،آرمی چیف اور افواج پاکستان کی قائدانہ صلاحیت کی پوری دنیا معترف ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملکی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین فیصلہ کیا گیا ہے۔
فردوس