• news

حکومتی فیصلہ بہترین ‘جنرل باجوہ کو توسیع پر تاجروں و صنعتکاروں کا بھی ردعمل

لاہور (احسن صدیق ) کاروباری و صنعت کار برادری نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع دئیے جانے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ خطے کی نازک صورت حال اور مسلئہ کشمیرکے پیش نظر یہ بہترین اور بروقت فیصلہ ہے۔ یہ فیصلہ ملک کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے۔ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں وزیراعظم عمران خان نے دانش مندانہ فیصلہ کیا ہے یہ ملک کی ضرورت بھی تھی۔ بھارت ہمیں آنکھیں دکھا رہا ہے ، جنرل قمر جاوید باجوہ انتہائی پیشہ وار اور منجھے ہوئے جرنیل ہیں انہوں نے بھارت کی ہر ساز ش کا مقابلہ کیا اور اس کا منہ توڑ جواب دیا۔ پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں محمد کاشف اشفاق نے کہا کہ وزیراعظم نے آرمی چیف کو تین سال کی ایکسٹینشن دے کر دانش مندانہ فیصلہ کیا ہے موجود صورتحال میں ان کی ملازت جاری رہنا ملک کے انتہائی ضروری ہے ۔ وہ ایک منجھے ہوئے جرنیل ہیں اورانہوںنے بہترین پیش وارانہ صلاحیتوں سے نا صرف ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا بلکہ بھارت جیسے دشمن ملک کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ ایف پی سی سی آئی کے بزنس مین گروپ کے سینئر نائب چیئرمین میاں زاہد حسین ، نائب چیئرمین شیخ محمد اسلم اور ترجمان احمد جواد نے بھی وزیراعظم عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع دیئے جانے کے فیصلے کو ملک کے دفاع اور سلامتی کے لئے بروقت قرار دیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت اور ملکی سلامتی اور دفاع کو جو چیلنجز کا سامنا ہے ان کے پیش نظر یہ بہت درست اور بروقت فیصلہ ہے۔ پاکستان ٹریڈر الائنس کے رہنما ناصر حمید خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو تین سال کی ایکسٹینشن دے کر بہترین فیصلہ کیا ہے جس کی موجودہ صورتحال میں ملک کو ضرورت تھی۔ وہ بڑے منجھے ہوئے اور تجربہ کار جرنیل ہیں جن کا پیشہ وارانہ وسیع تجربہ ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز گروپ کے صدر خالد پرویز نے کہا کہ ملکی حالات کے پیش نظر ضروری تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی جاتی۔ وزیراعظم عمران خان کافیصلہ بہت بہترین اور بروقت ہے اس وقت ملک کو خطے کی صورتحال کے پیش نظر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اشدضرورت ہے جو انڈیا کی ہر ساز ش کو ناکام بنا رہے ہیں ۔ تحریک انصاف ٹریڈرز ونگ پنجاب کے رہنما حاجی طاہر نوید، عادل حفیظ، صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چودھری، سینئر نائب صدر میاں محمد ادریس، صدر انجمن تاجران لاہور میاں طارق فیروز، صدر گلشن راوی بورڈ جہانگیر خان ، صدر ہال روڈ خدمت گروپ بابر محمود نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے مدت ملازمت میں توسیع کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے کشمیریوں کا بھی حوصلہ ملا ہے۔ امید ہے جنرل قمر جاوید باجوہ ملک اور خطے کے لئے پیشہ ورانہ مہارت سے مسائل کا حل نکال سکیں گے۔
تاجرو صنعتکار

کراچی (کامرس رپورٹر) صدر وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت انجینئر دارو خان اچکزئی، کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر سابق چیف ایگزیکٹو، ٹی ڈی اے پی، افتخار علی ملک سابق صدر ایف پی سی سی آئی اور نائب صدور ایف پی سی سی آئی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں بطور چیف آف آرمی سٹاف توسیع پر ان کو دلی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا اس وقت ملک کو داخلی و خارجی محاذ پر کئی چیلنجز اور مشکلات کا سامنا ہے بالخصوص بھارت کی جانب سے بھارتی مقبوضہ کشمیر کی حیثیت میں حالیہ تبدیلی کے بعد ان کی مدت ملازمت میں توسیع وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دوسری جانب کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر دانش خان، سینئر نائب صدر فراز الرحمن،نائب صدر ماہین سلمان اور مجلس عاملہ کے اراکین نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے عہدے میں توسیع کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ملک و قوم کے لیے قابل تحسین اقدام قرار دیا ہے۔ سرپرست اعلیٰ کاٹی ایس ایم منیر نے کہا کہ ملکی دفاع کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر آرمی چیف کو عہدے میں توسیع کا فیصلہ قابل تحسین اقدام ہے، وزیر اعظم عمران خان کا یہ فیصلہ عوامی امنگوں کی ترجمانی ہے۔ صدر کاٹی دانش خان نے کہا کہ ملک میں قیام امن کے لیے پاک فوج نے مثالی کردار ادا کیا اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی سپہ سالاری میں ملک و قوم کا دفاع مزید مضبوط ہوا۔
تاجر رہنما

ای پیپر-دی نیشن