• news

ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے چوکس ، کسی بھی ضلع کا دورہ کرونگا: عثمان بزدار

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد کی صورتحال، لوگوں کے انخلاء کیلئے اقدامات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، بہاولنگر اور بہاولپور میں تمام حفاظتی اقدامات اور ضروری تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دریا کے بیڈ سے لوگوں کا انخلاء یقینی بنایا جائے امدادی کیمپس میں تمام ضروری اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور ریلیف کیمپس میں ضروری اشیاء کی قلت نہیں ہونی چاہئے۔ سیکرٹری آبپاشی اور ڈی جی پی ڈی ایم اے بھی موقع پر جا کر امدادی سرگرمیوں کو مانیٹر کریں جبکہ میں حفاظتی انتظامات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے کسی بھی ضلع کا دورہ کروں گا۔ وفاقی و صوبائی ادارے قریبی رابطہ رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے چوکس رہیں ۔ ادویات، ویکسینیشن، جانوروں کے لئے چارے اور ونڈے کا بھی بندو بست کیا جائے۔ اجلاس میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا گیا اور حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایک اور اجلاس میں جس میں نیا پاکستان منزلیں آسان ، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام اور دیگر عوامی فلاح و بہبود کے زیرتکمیل پروگراموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ صرف ایک سال میں پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 8350بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ، میانوالی کے ہسپتال اور ملتان میں نشتر ٹو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن ایک سال میں مکمل کی جائے۔ پنجاب میں 4 نئی یونیورسٹیاں بنیںگی اور6 زیر تکمیل یونیورسٹیاں جلد مکمل کی جائیںگی جبکہ صوبہ بھر میں سپیشل ایجوکیشن کے10نئے سینٹرز قائم کیے جارہے ہیں۔ کاشتکاروں کی سہولت کیلئے کثیر الجہتی کریڈٹ کارڈ سکیم جلد از جلد شروع کی جائے گی ۔ پنجاب میں واٹر اور ہل ٹورازم کے فروغ کیلئے 1.5ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے طریقہ کار کو آسان اور مختصر بنایا جائے۔ اجلاس میں شہری اور دیہی آبادی کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا جبکہ عالمی بینک اورایشین ڈویلپمنٹ بینک کے اشتراک سے زیر تکمیل پراجیکٹس پر پیش رفت اور مستقبل کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے پروگرام کے تحت نچلی سطح تک بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ شہروں اور دیہات میں صفائی کے نظام، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کو بہتر کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے ہاکی اولمپیئن ذاکر حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن