چودھری شوگر ملز کیس: نیب نے حمزہ شہباز کو بھی شامل تفتیش کر لیا، شیئرز اور سرمایہ کاری کی تفصیلات طلب
لاہور (نوائے وقت نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو چودھری شوگر ملز کیس میں شامل تفتیش کر لیا ہے اور چودھری شوگر مل میں شیئرز اور انوسٹمنٹ سمیت دیگر تفصیلات مانگ لیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کیخلاف نئی انکوائری کا آغاز کر دیا۔ حمزہ شہباز کو چودھری شوگر ملز کیس میں شامل تفتیش کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی۔ نیب نے حمزہ شہباز سے چودھری شوگر مل میں شیئرز اور انوسٹمنٹ سمیت دیگر تفصیلات مانگی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز سے چودھری شوگر مل کے ذریعے بیرون ملک منتقل ہونے والی رقم سے متعلق سوالات کئے گئے ہیں کہ چودھری شوگر مل کی رقم کس اکاؤنٹ میں آتی تھی؟ الیکشن کمشن کے روبرو چودھری شوگر مل کے شیئرز ظاہر نہ کرنے کے بارے میں بھی پرچھ گچھ کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر مل‘ مین لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بھی انکوائری کر رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کی آئندہ پیشی پر نیب اپنی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرائے گا۔