افغانستان: یوم آزادی پر 10 بم دھماکے‘ 66 افراد زخمی
کابل (انٹرنیشنل ڈیسک)افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں 100ویں یومِ آزادی کی تقریب میں بم دھماکوں کے نتیجے میں 66 افراد زخمی ہوگئے۔ ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں 10 دھماکے ہوئے۔ اکثر افراد کو معمولی زخم آئے جنہیں مقامی ہسپتال میں علاج کے بعد گھر واپس بھیج دیا گیا۔جلال آباد میں واقع مارکیٹ کے قریب بم نصب تھے جہاں سیکڑوں افراد یومِ آزادی کی تقریب میں شریک تھے۔محکمہ صحت کے سینئر عہدیدار فہیم بشیری نے بتایا کہ دھماکوں کے نتیجے میں 66 افراد زخمی ہوئے جن میں 20 بچے بھی شامل ہیں،علاوہ ازیں افغانستان کے مشرقی صوبے لغمان کے دارالحکومت میں جنگجوؤں کی جانب سے 5 راکٹ داغے گئے ۔دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی نے کابل میں یوم آزادی کے موقع پر کیے گئے خطاب میں داعش کے ٹھکانے تباہ کر کے دم لیں گے۔طالبان نے یومِ آزادی پر جاری بیان میں کہا کہ وہ افغانستان سے تمام غیر ملکی فورسز کے انخلا کے منتظر ہیں۔