چیف منسٹر پنجاب نیشنل کراٹے چیمپئن شپ پرسوںسے شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ چیف منسٹر پنجاب نیشنل کراٹے چیمپئن شپ2019ء (بوائز و گرلز)22اگست سے شروع ہوگی جس کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،سوموارکے روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں شروع ہونیوالی چیمپئن شپ 25اگست تک جاری رہے گی، چیمپئن شپ میں تمام صوبوں اور اسلام آباد کی بوائز و گرلز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا ہے کہ چیف منسٹرپنجاب نیشنل کراٹے چیمپئن شپ 2019ء میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، کھلاڑیوں کو بہترین رہائش اور کھانا دیا جائے گا، چیمپئن شپ کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا، چیف منسٹر پنجاب نیشنل کراٹے چیمپئن شپ2019ء میں کھلاڑی اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرینگے۔