• news

شاہ محمود کا فون، کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش ہے، فرانسیسی وزیر خارجہ :مودی کے دورہ پیرس میں بات چیت کا عندیہ

اسلام آباد/سٹاف رپورٹر/وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی وزیر خارجہ یاں ایو لیدریاں سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ ء خیال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدام اور ان اقدامات کے نتیجے میں جنوبی ایشیا میں امن و امان کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔ بھارت کے حالیہ یکطرفہ اقدامات، اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پانچ اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل کرفیو نافذ ہے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک نیا انسانی المیہ جنم لیتا دکھائی دیتا ہے جس سے خطے کے امن و امان کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں اس ساری صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے فریقین کے مابین معاملات باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ افغان امن عمل میں پاکستان ، کا مصالحانہ کردار قابل تحسین ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے نریندر مودی کے متوقع دورہ ء پیرس کے دوران اس تشویشناک صورتحال پر مودی سے بات چیت کا عندیہ دیا۔

ای پیپر-دی نیشن