• news

30بر میں حکومتوں نے مسائل کے انبار لگائے، ہم نے ایک سال عوام کی خدمت کی : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت تحریک انصاف کے پنجاب سیکرٹریٹ میں پنجاب اور جنوبی پنجاب کی گورننگ باڈیز کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پربھارتی مظالم اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس کے شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کاک اظہار کیا گیا اور تنازعہ کشمیر پاکستان کے موقف کو موثر انداز سے اجاگر کرنے پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے پنجاب میں ہر ضلع کی ایک سڑک اور ہر ڈویژن کا ایک پارک کشمیر کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کر چکا ہوں۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اس ضمن میں ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں کہ وہ سڑکوں اور پارکس کی جلد نشاندہی کریں ایک برس کے دوران خلوص نیت اور محنت کے ساتھ عوام کی خدمت کی ہے گزشتہ تیس برس کے دوران آنے والی حکومتوں نے مسائل کے انبار لگائے اور عوام کی بنیادی ضرورتیں حل کرنے کے معاملے میں پہلوتہی کی گئی۔ عمران خان کے تبدیلی کے خواب کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ ایک برس کے دوران پنجاب حکومت نے ریکارڈ قانونی سازی کی ہے اور کفایت شعاری اور بجٹ کی نئی مثالی قائم کی گئی ہیں۔ صوبے میں پارٹی کو تنظیمی لحاظ سے مزید مضبوط کریں گے۔ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے جائز کام ہر صورت ہوں گے میرا کوئی اور ایجنڈا نہیں صرف عوام کی خدمت کیلئے آیا ہوں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک اور صوبے کے مفاد میں جو کچھ ہو سکا ہر وہ کام کریں گے۔ ماضی کی شوبازیوں کا دور گزر چکا ہے اب نیک نیتی سے صرف کام کام اور کام ہوتا ہے۔ لاہور کے سیوریج نظام کو درست کرنے کیلئے 19 ارب روپے کی لاگت سے منصوبہ شروع کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کارکردگی مختلف پروگرامز پر پیشرفت اور مستقبل کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر شعبہ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ فروغ سے عوام کی زندگیوں میںآسانیاں پیدا ہوں گی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے فرسودہ نظام کو جدت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ شکایت سنٹر 0800-02345 پر آنے والی ہر شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے اجلاس میں ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک کے ساتھ ایک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے قیام اور ٹورازم ایپ بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس ایپ کے ذریعے سیاحتی مقامات کی تفصیلات اور دیگر معلومات دستیاب ہوں گے۔ 27 اضلاع میں نئے خدمت مرکز کھولنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ آئی ٹی کے جدید سسٹم سے عوام کے ساتھ براہ راست رابطہ رکھوں گا پنجاب کے 42 محکموں کے ملازمین میں ریکارڈ ڈیجیٹائرڈ کیا جا رہا ہے، پنجاب کو آئی ٹی کا حب بنائیں گے۔ عثمان بزدار نے بزرگ شہریوں کے عالمی پیغام میں کہا ہے کہ بزرگ ہمارا سرمایہ ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ سب کی ذمہ داری ہے۔ بزرگوں کا احساس کرنا اور خیال رکھنا ہمارا اخلاقی اور دینی فریضہ ہے۔ عثمان بزدار نے سکھیکی کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن