سنٹرل کنٹریکٹ کرکٹرز کے یویو ٹیسٹ مکمل،مصباح الحق نے نئی ذمہ داری سنبھال لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے یو یو ٹیسٹ مکمل ہوگئے، ذرائع کے مطابق فٹنس ٹیسٹ دو گروپس میں لئے جا رہے ہیں۔ نان سنٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ جاری کردیئے گئے ہیں، سنٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے گروپ میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے ٹاپ کیا ہے، انہوں نے یو یو ٹیسٹ میں 19 اعشاریہ 2 پوائنٹس حاصل کیے۔اس کے علاوہ اسد شفیق اور شان مسعود نے بھی یو یو ٹیسٹ پاس کرلیا، دونوں کھلاڑیوں نے ٹیسٹ میں 19 اعشاریہ 1 پوائنٹس حاصل کیے۔پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آج تک جاری رہیں گے۔واضح رہے حسن علی کو پی سی بی نے شادی کی وجہ سے ایک ہفتے کی چھٹی دے دی ہے، اْن کا اور شاداب خان کا ٹیسٹ بعد میں لیا جائے گا۔لاہور میں شروع ہونے والے کیمپ میں کمانڈنٹ مصباح الحق نے رپورٹ کرنے والے کھلاڑیوں کو لیکچر دیا۔ کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ آج بھی ہوں گے۔جمعرات سے 7 ستمبر تک کنڈیشنگ کیمپ لگایا جائے گا۔ لیگ سپنر شاداب خان 22 اگست ، سابق کپتان اظہرعلی 24 اگست اور فاسٹ باولر حسن علی 26 اگست کو کیمپ جوائن کریں گے۔فٹنس ٹیسٹ کے بعد کنڈیشنگ کیمپ 22 اگست سے رکھا گیا ہے جس میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی خامیوں کو دور کرنے پر بھی توجہ دی جائیگی، 7 ستمبر تک جاری رہنے والے اس پری سیزن کیمپ کا مقصد بین الاقوامی کرکٹ کی تیاری کرنا ہے۔ پہلا ہفتہ فوکس فٹنس پر ہو گا جبکہ ایک ہفتے کے بعد کرکٹ کی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔سابق کپتان مصباح الحق پہلی بار کوچنگ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور بورڈ ٹیم پاکستان کے لیئے انہیں ہی چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کا عہدہ دینا چاہتا ہے، ایک کرکٹر کے پاس دو بڑے عہدے بورڈ کی نئی روایت ہوگی، مصباح اس وقت کرکٹ کمیٹی کا حصہ بھی ہیں۔