• news

اسلام آباد میں فائرنگ سکیورٹی سیکنر پر مامور 2 پولیس اہلکار شہید، ایک زخمی

اسلام آ باد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ سبزی منڈی کے علاقے آئی جے پرنسپل روڈ پر سکیورٹی سکینر کی ڈیوٹی پر مامور پولیس پارٹی پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے ہیڈ کانسٹیبل ثقلین حیدر اور کانسٹیبل خرم شہزاد شہید ہوگئے، جبکہ اہلکارجہانزیب شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے پمس منتقل کردیا گیا جبکہ شہید اہلکاروں کی نعشیں بھی ہسپتال منتقل کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی شام کیرج فیکٹری کے سامنے اولڈ ٹول پلازہ پر لگے سکینر پر پولیس پارٹی اپنی ڈیوٹی پرتھی پولیس کے مطابق رات سوا آٹھ بجے دو افراد پید ل آئے پولیس پرفائرنگ کردی اورکیرج فیکٹری کی طرف بھاگ گئے۔ فائرنگ کی اطلاع پر پولیس حکام بھی پہنچ گئے۔ یہ ڈکیت گروہ تھا یا دہشت گردی کی واردات ہے اس حوالے سے پولیس شواہد جمع کر رہی ہے۔ آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے دو الگ الگ ٹیمیں بنادی اور فوری تحقیقات کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا۔ ملزموں نے 9mm پستول سے فائرنگ کی موقع سے30 بور پستول کے دو خول بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ثقلین صغیر حیدر ولد فتح محمد وہاڑی کے چک نمبر 62wB شہید خرم شہزاد ولد ولی محمد عارضی طور پر راولپینڈی،مستقل ایبٹ آباد کا رہائشی ہے۔ زخمی جہانزیب ولد مختار احمد چک نمبر 168EB ضلع وہاڑی کا رہائشی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن