• news

2 خاندان اپنی کرپشن بچانے کیلئے کشمیر کاز کا سہارا نہ لیں: فردوس عاشق

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی/ نوائے وقت رپورٹ/ آئی این پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قوم کو معاشی محاذ پر خوشخبریاں ملنا شروع ہوگئی ہیں، مالی سال 2018میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ جو 2.1ارب ڈالر تھا وہ کم ہو کر 579ملین ڈالر پر آ گیا ہے، جو چار سال میں کم ترین خسارہ ہے، برآمدات و ترسیلات زر میں اضافہ اور درآمدات میں نمایاں کمی حکومتی درست پالیسیوں کا ثبوت ہے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ اور درآمدات میں نمایاں کمی حکومتی درست پالیسیوں کا ثبوت ہے، ترسیلات زر میں اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا حکومتی معاشی اصلاحات پر اعتماد کا اظہار ہے۔ انشاء اللہ اس کے فوائد عوام تک جلد پہنچیں گے۔ آنے والے ماہ و سال ملک و قوم کے لئے مزید خوشخبریاں لائیں گے۔ پاکستان عمران خان کی قیادت میں قومی ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کر کے رہے گا۔ علاوہ ازیں اسلا م آباد میں میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، آنے والا وقت ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کا ہے، باصلاحیت نوجوان پاکستانی صحافت کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہو گا، ابلاغ عامہ میں خیالات اور نظریات میں ابہام نہیں ہونا چاہیے، وزیراعظم عمران خان پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں پر مکمل یقین رکھتے ہیں ، بھارت کی انتہاء پسند سوچ نے مقبوضہ کشمیر کو مزموم مقاصد کیلئے جکڑ رکھا ہے،آج بھارتی مظالم سے تنگ آ کر نوجوان برہان وانی بن رہے ہیں، کشمیر کا بچہ بچہ وانی بن کر جدوجہد آزادی کشمیرکیلئے آگے بڑھ رہا ہے،ہمیں کشمیریوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارتی مظالم سے تنگ آکر کشمیر کابچہ بچہ وانی بن کر جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے آگے بڑھ رہا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹو کے جلسے میں خطاب پر ردعمل میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو صاحب کٹھ پتلی وزرائے اعظم کو آپ کے ابو ریموٹ سے کنٹرول کیا کرتے تھے اپنی کرپشن بچانے کیلئے کشمیر کاز کا سہارا نہ لیں عظیم کشمیری حق خود ارادیت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں دو خاندان اپنی کرپشن کوبچانے کیلئے کشمیر کاز کو تو بخش دیں میاں صاحب نے آپ کی والدہ اور نانی پر مقدمات بنائے نیب کو برا کہنے والے بتائیں نیب چیئرمین کا تقرر کس نے کیا تھا بھٹو کے ویژن سے غداری بھٹو ازم پر کرپشن کا داغ لگانے والوں نے کی بلاول صاحب! آپ کے والد اور پھوپھو قانون کی گرفت میں ہیں نئے پاکستان میں قانون سے کوئی بالا تر نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن