بھارت مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کرنا چاہتا ہے، دنیا روکے : شاہ محمود
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کا ارادہ کر رہا ہے۔ دنیا کو اسے روکنا ہو گا۔ امریکا کی غیر سرکاری تنظیم جینوسائیڈ واچ کا حوالہ دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا تنظیم نے الرٹ بہت سوچ سمجھ کر جاری کیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں صورتحال بہت بگڑ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے لوگ مجبوراً حالات اپنے کنٹرول میں لینے کی کوشش کر رہے ہیں، بھارت قتل عام کی جانب بڑھ رہا ہے، دنیا اسے روکے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے سیکرٹری او آئی سی ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی. دفتر خارجہ کے مطابق تحریک انصاف کے بین الاقوامی سیکریٹریٹ کے تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں ۔ وزیر خارجہ نے عبداللہ ریاڑ کو اقوام متحدہ، جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیو یارک آنے والے بھارتی وزیراعظم کے خلاف بھرپور احتجاج کی تیاریوں کی ہدایت کی۔ دریں اثناء پاک افغان ٹریک ٹو پراجیکٹ سے وابستہ اعلیٰ سطح کے افغان وفد نے ڈاکٹر شعیب سڈل کی قیادت میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات پاک افغان دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تاریخی ،ثقافتی ،مذہبی دیرینہ تعلقات ہیں۔بدقسمتی سے ہمارے دو طرفہ تعلقات باہمی اعتماد کے فقدان کے سبب سردمہری کا شکار رہے۔27 جون کو صدر اشرف غنی کے دورہ پاکستان سے ان تعلقات کو ایک نئی جہت ملی ہم نے دو طرفہ تجارتی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی۔ پاکستان افغانستان کی داخلی خود مختاری کا احترام کرتا ہے۔پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے کیونکہ افغانستان کا امن پورے خطے کی تعمیر و ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ہم نے خلوصِ دل سے افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار ادا کیا اور انشاء اللہ کرتے رہیں گے ۔ مزید برآں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سوئٹزر لینڈ کے اپنے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کمشیر میں مکمل لاک ڈائون ہے بھارتی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کیخلاف ہیں سوئس وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اظہار تشویش کیا گیا فریقین خطے میں کشیدگی کے خاتمے مذاکرات کریں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آئیوری کوسٹ کے ہم منصب سے بھی دوسری مرتبہ ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی یکطرفہ اقدامات سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیپالی وزیر خارجہ سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے شاہ محمود قریشی نے نیپالی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں نیاپل سارک کا سربراہ ہونے کے اعلامیہ کے مطابق نیپالی وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور تفصیہ طلب امور کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وفاقی وزیر انسان حقوق شیریں مزاری نے بھی ملاقات کی وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیریوں پر مظالم روکنے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔