نواب آف کالا باغ ملک اسد خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے‘ نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی
موچھ+ میانوالی (نامہ نگار) نواب آف کالاباغ ملک اسد خان طویل علالت کے بعد 80 برس کی عمر میں اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ ملک اسد خان سابق گورنر مغربی پاکستان نواب آف کالاباغ ملک امیر محمد خان مرحوم کے بیٹے تھے۔ نماز جنازہ آج شام 5 بجے کالاباغ میں ادا کی جائے گی۔ ملک اسد خان یکم جنوری 1940 کو کالاباغ میں پیدا ہوئے۔ رائل ایگری کلچر کالج سائرن سسٹر لندن سے ایگریکلچر میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی، اس کے علاوہ بیروت امریکہ روس سے بھی تعلیم حاصل کی۔ جون 1967،کو میر آف ہنزہ میجر جنرل میر جمال خان کی بیٹی سے شادی ہوئی، جن سے دو بیٹے، نوابزادہ ملک فواد خان اور نوابزادہ ملک عماد خان پیدا ہوئے۔ ملک عماد خان پیپلز پارٹی کے دور میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور رہے۔ جون 1989 میں نوابزادہ ملک مظفر خان کی وفات کے بعد کالاباغ سٹیٹ کا نظام وانصرام خود سنبھالا، پہلے سے جاری تمام رنجشیں ختم کیں، طویل خاموشی کے بعد بوڑھ بنگلہ کی سیاسی وسماجی رونقیں بحال کیں، ملک اسد خان نواب امیر محمد خان کی بیٹوں میں آخری نشانی تھے۔