• news

حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کر دیا گھر بھیج کر دم لیں گے: فضل الرحمن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن لاہور میں ایک روز قیام کے بعد کراچی روانہ ہو گئے۔ جے یو آئی کے سربراہ بدھ کی شب لاہور پہنچے تھے اور گزشتہ صبح انہوں نے مقامی نجی ہسپتال میں طبی معائنہ کرایا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر سے ملاقات بھی ہوئی جبکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں مولانا نے ان کی عیادت کی۔ جبکہ جے یو آئی کے رہنما حکیم جمال الدین کے صاحبزادہ کے انتقال پر تعزیت کیلئے ان کے گھر بھی گئے دریں اثناء کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب مسئلہ کشمیر کشمیریوں کے ہاتھ میں ہے وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہونگے انہوں نے کہا کہ پہلے ہم مقبوضہ کشمیر کا دارالحکومت سری نگر بچانے کیلئے سوچتے تھے مگر اب آزاد کشمیر کو بچانے کیلئے سوچ رہے ہیں مسئلہ کشمیر پر زبانی خرچ سے کچھ نہیں ہوگا ہمیں مقبوضہ کشمیر کے نہتے شہریوں کی آزادی کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہونگے حکومت نے مسئلہ کشمیر پر اب تک صرف تشہیری اقدامات اٹھائے ہیں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی رہبر کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا جس میں حکومت کے خلاف متفقہ حکمت عملی طے کی جائے گی اسلام آباد جانے کا فیصلہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے کریں گے حکمران سیاسی قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے جس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں پائٹ سکول وحدت روڈ پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کردیا ہے کشمیری اور پاکستانی عوام کسی خوش فہمی میں نہ رہیں آنے والے حالات میں مزید واقعات اس سودے کی توثیق کردیں گے، ان حکمرانوں کی نااہلی واضح ہوچکی ہے عنقریب اسلام آباد لاک ڈائون کرکے ان حکمرانوں کو گھر بھیج دیں گے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ 24،25 اگست کو اسلام آباد میں مرکزی مجلس شوری کا اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، انہوںنے کہاکہ حکومت نے قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کردیا ہے ، ہم اکتوبر میں اسلام آباد آجارہے ہیں اور ہم حکمرانوں کو گھر بھیج کر ہی دم لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن