• news

دفاعی میزائل سسٹم کی نمائش ، امریکہ سے مذاکرات بیکار ہیں : ایرانی صدر

تہران (اے پی پی+ این این آئی) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی موجودگی میں ملکی وسائل سے تیار کئے جانے فضائی دفاعی نظام ’’باور 373‘‘ کی تقریب رونمائی منعقد کی گئی ۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کی دفاعی صنعت کی سالگرہ کی مناسبت سے ملکی وسائل سے تیار طویل فاصلے تک مارگرانے کی صلاحیت رکھنے والے دفاعی نظام’’ باور 373‘‘ کی تقریب رونمائی ہوئی۔ تقریب میں حسن روحانی سمیت دفاعی شعبے کے دیگر اعلی حکام نے شرکت کی ۔ اس موقع پر نائب ایرانی وزیر دفاع قاسم تقی زادہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ نظام جدید ترقی یافتہ ٹیکنالوجی سے لیس ہونے کے ساتھ طاقت کا مظہر ہے۔ جس سے ملکی دفاع اور بھی مضبوط ہو گا۔ دوسری جانب ایرانی صدر نے کہا ہے کہ اگرایران کو عالمی منڈی میں تیل کی فروخت سے روکا جائے گا تو عالمی آبی گزرگاہیں بھی محفوظ نہیں رہیں گی۔ قبل ازیں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ امریکی صدر نے ایران کو عالمی منڈی میں یومیہ 27 لاکھ بیرل تیل کی فروخت سے محروم کر دیا ہے۔ حسن روحانی نے امریکہ کے لیے ایک مرتبہ پھر سخت لہجہ استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات بے کار ہیں کیونکہ تہران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والا جوہری معاہدہ اب خدشات کا شکار ہوچکا ہے۔ یہ بات زمین سے فضا میں مار کرنے والے بور 373 میزائل سسٹم کے تجربے کے موقع پر کہی، جسے ایران نے روسی ایس 300 کی اپ گریڈ صورت قرار دیا۔ٹیلی ویڑن پر نشر ہونے والی تقریر میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اب ہمارے دشمن عقل کی بات نہیں سمجھ رہے اس لیے ہم عقل سے انہیں جواب دے بھی نہیں سکتے۔ اگر ہمارا دشمن ہمارے خلاف میزائل چلائے گا تو ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ جناب راکٹ، مہربانی کر کے ہمیں یا ہمارے ملک کی معصوم عوام کو نشانہ نہیں بنائیے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ’راکٹ لانچنگ سر، کیا آپ مہربانی کر کے ایک بٹن دبا کر فضا میں ہی میزائل خود تباہ کرسکتے ہیں۔ ایرانی سرکاری ٹیلی ویڑن کے مطابق بور 373 بیک وقت 100 اہداف کی نشاندہی اور ان پر 6 مختلف اقسام کے ہتھیاروں سے حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ خیال رہے کہ سال 1992سے ایران مقامی سطح پر دفاعی صنعت کو جدید طریقے سے استوار کر رہا ہے اور اس سلسلے میں ہلکے اور بھاری ہتھیار بنا چکا ہے جس میں مارٹرز، تارپیڈوز، ٹینکس کے ساتھ ساتھ آبدوزیں بھی شامل ہیں۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ دفاعی میزائل نظام اپنے ہدف کو طویل فاصلے تک زمین سے فضا میں نشانہ بنا سکتا ہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے ’باور تین سو تہتر‘ نامی اس نظام کا افتتاح کیا جبکہ ملکی میڈیا نے اسے روسی دفاعی میزائل نظام ایس تین سو کا مدمقابل قرار دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن